آمریت کا سورج ہمیشہ کیلئے غروب ہوگیا ،پرویزرشید،65سال قانون طاقتور لوگوں کی چھڑی بنا رہا ،اب فرد کی بجائے قانون کو مضبوط کیا جائے، بلاول کی زندگی میری زندگی سے قیمتی ہے، دہشت گرد تنظیم کی دھمکی ایک صوبائی حکومت کو نہیں ریاست کو ہے،مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے،اسمبلی میں اظہارخیال،تنظیم کا نام بتایا جائے،اپوزیشن اراکین کا اصرار،تحقیقات کے بعد بتائیں گے ،مفت میں کسی کو بدنام نہیں کریں گے،پرویز رشید کا جواب

منگل 1 اپریل 2014 06:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1اپریل۔2014ء)وفاقی وزیراطلاعات و نشریات پرویزرشید نے کہا ہے کہ اب آمریت کا سورج ہمیشہ کیلئے غروب ہوگیا ہے،65سال قانون طاقتور لوگوں کی چھڑی بنا رہا ،اب ملک میں فرد کی بجائے قانون کو مضبوط کیا جائے بلاول کی زندگی میری زندگی سے زیادہ قیمتی ہے،دہشت گرد تنظیم کی جانب سے سندھ حکومت کو لکھا گیا خط پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گرد تنظیم کی دھمکی کسی ایک صوبائی حکومت کو نہیں ریاست پاکستان کو ہے،معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں،مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے،تنظیم کا نام بتایا جائے،اپوزیشن اراکین کا اصرار،تحقیقات کے بعد ایوان کو آگاہ کریں گے،مفت میں کسی کو بدنام نہیں کریں گے،پرویز رشید کا جواب۔

پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا،65سال قانون طاقتور لوگوں کی چھڑی بنا رہا ،اب ملک میں فرد کی بجائے قانون کو مضبوط کیا جائے ،جبر کے سامنے سیاسی جماعتیں کمزور تھیں۔

(جاری ہے)

پاکستان میں آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا کے لئے کوششیں کیں اور یہ سورج طلوع ہواجواب کبھی غروب نہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی والدہ کے لئے دعائیں کر رہے ہیں،انہیں پاکستان میں لانے کیلئے ہر ممکن مدد کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو پنجاب میں ایک تنظیم کی طرف سے دھمکیاں دی گئیں ہیں اور بلاول بھٹو زرداری کا حوالہ دیا گیا،پنجاب حکومت نے تحقیقاتی کمیٹی اس پر کام کر رہی ہے،انہوں نے ایوان میں دہشتگردوں کی جانب سے لکھا گیا خط پڑھ کر ایوان کو سنایا،انہوں نے کہا کہ بلاول کی زندگی میری زندگی سے زیادہ قیمتی ہے،حکومت کے علم نہیں یہ بلاول بھٹو کو ملنے والی دھمکی میڈیا کے ذریعے پتہ چلی،اس پر فوری پنجاب حکومت نے تحقیقات شروع کردی ہے،مجرم سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے صحافیوں کو تحفظ دینے کا عزم کر رکھا ہے،ولی بابر کے قاتلوں کو سزا دلوانا حکومت کا کارنامہ ہے،رضا رومی پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں۔قبل ازیں اپوزیشن اراکین اسمبلی نفیسہ شاہ اور شیریں مزاری نے کہا کہ جب خط پڑھ دیاگیا ہے اب اس تنظیم کا نام بھی بتا دیا جائے جس پر وزیراطلاعات نے جواب دیا کہ حکومت تحقیقات کر رہی ہے اور مفت میں کسی تنظیم کو بدنام نہیں کریں گے،تحقیقات کے بعد تفصیلات ایوان میں پیش کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ دہشتگرد تنظیم کی جانب سے یہ خط کسی ایک صوبائی حکومت کو نہیں بلکہ ریاست پاکستان کو دھمکی دی گئی ہے،جس کے خلاف ایکشن ہوگا اور اس میں ملوث عناصر کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔