سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے مغوی بیٹے علی موسیٰ گیلانی زندہ ہیں ،فرحت اللہ بابر،تحریک طالبان کے پاس موجود ہیں تاہم طالبان اس کی سرکاری سطح پر تردید کررہے ہیں،سینیٹر پی پی پی کی گفتگو

جمعرات 3 اپریل 2014 06:02

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3اپریل۔2014ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ ان کی اطلاعات کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے مغوی بیٹے علی موسیٰ گیلانی زندہ ہیں اور تحریک طالبان کے پاس موجود ہیں تاہم طالبان اس کی سرکاری سطح پر تردید کررہے ہیں ۔

بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق صدر آصف علی زرداری کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے بتایا کہ ان کے پاس موجود اطلاعات کے مطابق انہیں یقین ہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے مغوی صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی حیات ہیں تاہم ایسا ہی دعویٰ سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے مغوی صاحبزادے شہباز تاثیر کے بارے میں کرنا ممکن نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

سینیٹر فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ علی موسیٰ گیلانی تحریک طالبان پاکستان کے پاس موجود ہیں اور زندہ ہیں انہوں نے خبر رساں ادارے کو مزید بتایا کہ ان کی سابق وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی سے کچھ عرصہ قبل گفتگو ہوئی تھی جس میں سابق وزیراعظم نے ان کو بتایا تھا کہ ان کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی حیات ہیں اور اس حوالے سے ان کے تمام رابطے تحریک طالبان سے بھی ہیں ۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر کے مطابق شروع سے ہی تحریک طالبان پاکستان نے سرکاری سطح پر اس بات کی تردید کی ہے کہ شہباز تاثیر اور علی موسی گیلانی ان کے پاس موجود ہیں تاہم انہیں یقین ہے کہ دونوں مغوی ان کے پاس موجود ہیں بلکہ علی موسیٰ گیلانی کے ابھی حیات ہونے کے بھی امکان ہیں ۔