حکومت طالبان سے ایسے سمجھوتے نہ کرے جن پر اسے کل شرمندہ ہونا پڑے‘ خورشید شاہ،گیلانی اورسلمان تاثیر کے بیٹے بازیاب نہ ہوئے تو یہ قوم کیساتھ بہت بڑا مذاق ہوگا، قائد حزب اختلاف

پیر 7 اپریل 2014 06:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7اپریل۔2014ء) قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ اگر یوسف رضا گیلانی اور مرحوم گورنر سلمان تاثیر کے بیٹے بازیاب نہ ہوئے تو یہ قوم کیساتھ بہت بڑا مذاق ہوگا۔اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے فیصلوں سے محتاج اور بے بس نظر آرہی ہے اور طالبان سے منصوبوں کی بازیابی کیلئے بھیک مانگی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف طالبان قیدیوں کو رہا کیا جارہا ہے لیکن مغویوں میں سے ابھی تک ایک بھی رہا نہیں ہوسکا جوکہ تشویش کا باعث ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ طالبان کی شرائط میں دن بدن اضافے کا خدشہ نظر آرہا ہے اور حکومت بھی ہوش کے ناخن لیتے ہوئے ایسے سمجھوتے نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر طالبان نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مرحوم گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے صاحبزادوں کو نہ چھوڑا گیا تو یہ ملک اور قوم کیساتھ بہت بڑا مذاق ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا لہجہ تندخو نہیں بلکہ درست ہے کیونکہ ہم جمہوریت کیخلاف کسی بھی بات کو ماننے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نواز حکومت کیخلاف نہیں۔ وہ صرف یہ چاہتی ہے کہ نواز حکومت اپنا عرصہ پورا کرے لیکن فری زون کے قیام سے ملک کو بہت بڑا خطرہ ہے اور فری زون کا قیام حکومت کا بدترین فیصلہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :