طالبان مذاکرات کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ان کے پیچھے افغانستان کی خفیہ ایجنسیاں اور بیرونی طاقتیں ہیں، رحمن ملک،جو باتیں طالبان کو پسند ہیں پروفیسر ابراہیم لکھ کر دیں‘ حکومت کو سول اداروں کیساتھ بہتر تعلقات استوار رکھنے چاہئیں،میڈیا سے گفتگو

بدھ 9 اپریل 2014 06:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اپریل۔2014ء) سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ طالبان مذاکرات کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے کیونکہ ان کے پیچھے افغانستان کی خفیہ ایجنسیاں اور بیرونی طاقتیں ہیں‘ ان کا نظریہ صرف پیسہ ہے اور ملک میں اغواء برائے تاوان کا سلسلہ بھی اسی لئے شروع کیا ہے‘ جو باتیں طالبان کو پسند ہیں پروفیسر ابراہیم لکھ کر دیں‘ حکومت کو سول اداروں کیساتھ بہتر تعلقات استوار رکھنے چاہئیں‘ ایم کیو ایم پیپلزپارٹی سے کبھی دور نہیں رہی بہت جلد ان کے بارے میں اچھی خبریں آئیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ طالبان بدنیت ہیں۔ وہ علی موسیٰ گیلانی اور شہباز تاثیر کو اغواء کرکے تاوان مانگتے رہے ہیں ان کا کوئی نظریہ نہیں ماسوائے پیسے کے۔

(جاری ہے)

مجھے نہیں لگتا کہ مذاکرات کامیاب ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ پاکستان ترمیمی بل پیش کرنا حکومت کا حق ہے۔ ہر پارٹی پارلیمنٹ میں بل پیش کرسکتی ہے جس پر بحث کی جاتی ہے۔ اگر کسی کے اثاثے باہر ہیں تو انہیں ظاہر کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو سول اداروں کیساتھ بہتر تعلقات استوار رکھنے چاہئیں جیسے کہ ماضی میں ان کی پارٹی نے پانچ سال رکھے تھے۔