مشرف کو پی این ایس شفا کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ، سیکیورٹی انتظامات سخت، سا بق صدر کے علاج ومعالجے کے لیے ماہرین طب کی خصوصی ٹیم بھی تشکیل دیدی گئی ،مشرف کیخلاف ن لیگ کے وزراکی بیان بازی نے حکومت کومشکل میں ڈال دیا،سابق صدرکودبئی جانے کی اجازت دینے جانے کاامکان

جمعرات 10 اپریل 2014 06:59

کراچی، اسلا م آ با د( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اپریل۔2014ء ) سابق صدرپرویز مشرف کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کراچی منتقل کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے اس سلسلے میں پی این ایس شفا اسپتال کراچی میں ان کے علاج اورحفاظت کے حوالے سے غیر معمولی انتظامات کرلیے گئے ہیں جبکہ اسپتال کے اطراف سخت حفاظتی اقدامات بھی دیکھنے میں آئے ہیں۔اسپتال کے باہرغیرمتعلقہ افرادکی آمدورفت روکنے کیلئے بینرزبھی آویزاں کردیے گئے، ذرا ئع کے مطا بق معلوم ہواہے کہ پی این ایس شفا اسپتال کے سی سی یوکی مرمت وصفائی کاکام بھی مکمل کرلیاگیاہے اوراس یونٹ کے قریب کسی کوآنے جانے کی اجازت بھی نہیں،اس یونٹ میں پرویزمشرف کومنتقل کیائے گاتاہم ہسپتال ذرائع نے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ پرویزمشرف کوپنڈی یا اسلام آباد میں علاج کیلئے شدیدخطرات لاحق ہیں اس لیے انھوں نے اپنے علاج کیلئے کراچی کومنتخب کیاہے۔

(جاری ہے)

ذرائع یہ بھی تصدیق کی ہے کہ حکومت نے پرویز مشرف کوکراچی سے دبئی جانے کی اجازت دینے پرغورشروع کردیا ہے۔دوسری جانب نوازحکومت نے اپنے تمام وزرا کو سختی سے ہدایت دی ہے کہ پرویزمشرف کے بارے میں آئندہ کوئی بیان بازی نہ کریں اور نہ ہی اس حوالے سے ٹی وی ٹاک شوزمیں کوئی بات کریں،ن لیگ کے بعض وزرا کی جانب سے مشرف کے خلاف مسلسل بیانات اورٹاک شوزمیں توہین اورتضحیک آمیزالفاظ اورلہجے کوعوام اوردیگر قومی اداروں میں بھی سخت ناپسندکیا گیاہے اوراس طرح کی بیان بازی نے نوازحکومت کو مشکلات سے دوچارکردیا ہے جس پرنوازحکومت نے قومی اداروں کی ہمدردی حاصل کرنے کیلئے پرویزمشرف کودبئی جانے پر رضامندی ظاہرکردی ہے تاکہ پرویزمشرف دبئی میں اپنی بیماروالدہ کی تیمارداری بھی کرسکیں۔

معلوم ہواہے کہ آئندہ چند دنوں میں پرویزمشرف پی این ایس شفااسپتال منتقل ہوجائیں گے جہاں ان کے علاج ومعالجے کے لیے ماہرین طب کی خصوصی ٹیم بھی تشکیل دیدی گئی ہے۔