بھارت میں جو بھی حکومت آئے ہم جلد از جلد جامع مذاکرات کی بحالی چاہتے ہیں ،سیکرٹری خارجہ،وزیراعظم آئندہ ماہ ایران جائینگے،وزرائے خارجہ اس دورے کا ایجنڈا تیار کرینگے ،اعزاز چوہدری کی پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات چیت

جمعرات 17 اپریل 2014 06:51

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17اپریل۔2014ء )سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت میں جو بھی حکومت آئے ہم جلد از جلد جامع مذاکرات کی بحالی چاہتے ہیں ،وزیراعظم آئندہ ماہ ایران جائینگے اور اس سے قبل وزارتی کمیشن کے اجلاس کے موقع پر وزرائے خارجہ اس دورے کا ایجنڈا تیار کرینگے ۔بدھ کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بھارت میں آنے والی ہر حکومت سے خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں اور اس بات کے خواہاں ہیں کہ جلد از جلد جامعمذاکراتی عمل شروع ہو تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ تنازعات حل کئے جاسکیں ، یہ بھارتی حکومت نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کسے منتخب کرتے ہیں ہم صرف جامع مذاکرات کی بحالی میں دلچسپی رکھتے ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان کیلئے ناگزیر ہے یہ امر حوصلہ افزا ہے کہ صدارتی انتخابات پرامن طور پر ہوئے ہیں جن کے نتائج کا انتظار ہے ۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف آئندہ ماہ ایران جائینگے جہاں وہ ایران کی قیادت سے دوطرفہ تعلقات اور دیگراہم امور پر تبادلہ خیال کرینگے اس سے قبل دونوں ملکوں کے مشترکہ وزارتی کمیشن کااجلاس ہوگا جس میں پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ ملاقات کرکے وزیراعظم کے دورے کا ایجنڈا تیار کرینگے ۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی درست سمت جارہی ہے اور ہماری خارجہ پالیسی کی بنیاد یہی ہے کہ ہم پوری دنیا سے پرامن اور مستحکم تعلقات چاہتے ہیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں سیکرٹری خارجہ نے خبر رساں ادارے کی اس خبر کی تصدیق کی کہ سپین کے لئے رفعت مہدی کو سفیر مقرر کردیا گیا ہے تاہم ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں سفیر کیلئے ابھی کوئی نام زیر غور نہیں ہے ۔