مقبوضہ کشمیر‘ مہاجرین کیساتھ شادیاں کرنے والی آزاد کشمیر کی خواتین کا احتجاجی مظاہرہ،سائرہ بانو کی موت پر اظہار دکھ‘ ہم سب مسائل کا شکار‘ مطالبات پورے نہ کئے گئے تو اجتماعی خودکش کرلیں گی‘ خواتین کی دھمکی

جمعرات 17 اپریل 2014 06:58

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17اپریل۔2014ء) مقبوضہ کشمیر میں شادیاں کرنے والی آزاد کشمیر کی خواتین نے بھارت کی جانب سے سفری دستاویزات میں رکاوٹیں پیدا کرنے اور دیگر پابندیوں کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے اجتماعی خودکشی کرنے کی دھمکی دے دی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں قیام کے دوران مہاجرین سے شادی کرنے والی آزاد کشمیر کی درجنوں خواتین نے گذشتہ روز مظاہرہ کیا۔

خواتین نے مالی تنگدستی اور سفری پابندیوں سے تنگ آکر خودکشی کرنے والی سائرہ بانو کی موت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ سائرہ نے بھارت کی جانب سے سخت پابندیوں اور آبادکاری پالیسی کے تحت واپس لوٹنے والے اپنے شوہر کی مالی پریشانیوں سے تنگ آکر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔ خواتین نے کہا کہ ایک سائرہ ہی نہیں بلکہ اپنے شوہروں کے ہمراہ آزاد کشمیر سے آنے والی تمام خواتین ایسے ہی مسائل کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

بھارت اور حکومت مقبوضہ کشمیر نے تمام مجاہدین کو آبادکاری پالیسی کے تحت واپس بلاکر اپنے وعدے پورے نہیں کئے۔ واپس آنے والے مہاجرین کی آبادکاری کے حوالے سے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے گئے جس سے انہیں بے شمار مسائل کا سامنا ہے۔ خواتین نے کہا کہ سماجی بدحالی کا شکار ہونے کے علاوہ ان تمام خواتین کو اپنے میکے والوں سے ملنے اور واپسی کی اجازت نہ دے کر ظلم و جبر کا ایک اور پہاڑ کھڑا کردیا گیا ہے۔ اگر ریاستی اور بھارتی حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے تو وہ اجتماع خودکشی کرلیں گی۔

متعلقہ عنوان :