تحریک انصاف کو9 نومبر کو رحیم یارخان کی ضلعی انتظامیہ نے خواجہ فرید کالج میں جلسہ کرنے سے روک دیا، انتظامیہ کی جانب سے تحریک انصاف کو دو مقامات پر جلسہ کرنے کی تجویز دی ہے جن میں ایک عباسی سٹیڈیم اور دوسرا شیخ خلیفہ سپورٹس کمپلیکس شامل ہیں، ڈی سی او ، ہر صورت فرید کالج میں جلسہ کریں گے، رانا راحیل

جمعہ 7 نومبر 2014 08:26

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7نومبر۔2014ء)تحریک انصاف کو9 نومبر کو رحیم یارخان کی ضلعی انتظامیہ نے خواجہ فرید کالج میں جلسہ کرنے سے روک دیا جبکہ تحریک انصاف کے ضلعی صدر رانا راحیل نے کہا ہے کہ ہر صورت فرید کالج میں جلسہ کریں گے ۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز رحیم یار خان کے ڈی سی او نبیل احمد خان نے بتایا کہ تحریک انصاف کا 9 نومبر کو ہونے والا جلسہ خواجہ فرید کالج میں کرنے کی اجازت نہیں دیں گے کیونکہ یہاں سب سے بڑی وجہ سکیورٹی کی ہے اور سکیورٹی اداروں نے بھی اس حوالے سے منع کیا ہے ۔

خواجہ فرید کالج کی کے قریب میڈیکل کالج کی عمارت زیر تعمیر ہے اور ساتھ شیخ ز ید ہسپتال کی ایمر جنسی بھی ہے جبکہ قریب میں جیل بھی موجود ہے جس کی وجہ ارد گرد سکیورٹی کرنا بڑا مسئلہ ہوگی ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے تحریک انصاف کو دو مقامات پر جلسہ کرنے کی تجویز دی ہے جن میں ایک عباسی سٹیڈیم اور دوسرا شیخ خلیفہ سپورٹس کمپلیکس شامل ہیں ۔دوسری جانب تحریک انصاف کے ضلعی صدر رانا راحیل نے کہا کہ وہ کسی صورت بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے اور 9 نومبر کو ہونے والا جلسہ خواجہ فرید کالج میں ہی ہو گا جس پر پولیس نے تحریک انصا ف کے رویے کو دیکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے پولیس کی نفری کو طلب کر لیا جس پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے شدید نعرے بازی کی۔