میاں محمود الرشید کی قیادت میں تحریک انصاف کے اراکین صوبائی اسمبلی استعفوں کی تصدیق کے لئے آج پنجاب اسمبلی آئیں گے،30نومبر کے احتجاج کو کامیاب بنانے کیلئے اراکین صوبائی اسمبلی پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دید ی گئیں‘عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار، نواز شریف کے پاس اقتدار میں رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں‘فوری طور پر اقتدار سے علیحدہ ہو جائے ‘شاہ محمود قر یشی ،0 3نومبر کے احتجاج کی کال پوری قوم کی آواز بن چکی ہے‘ملک کے کونے کونے میں گو نواز گو کے نعرے لگ رہے ہیں ‘میاں محمو الر شید

جمعہ 7 نومبر 2014 08:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7نومبر۔2014ء) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید کی قیادت میں تحریک انصاف کے اراکین صوبائی اسمبلی استعفوں کی تصدیق کے لئے آج (جمعہ )11بجے پنجاب اسمبلی آئیں گے جبکہ 30نومبر کے احتجاج کو کامیاب بنانے کیلئے اراکین صوبائی اسمبلی پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دید ی گئیں‘عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کو کامیاب بنانے کیلئے حکمت عملی بھی طے کرلی گئی ۔

جمعرات کے روز تحریک انصاف کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اپوزیشن لیڈر محمود الرشید کی صدارت میں منعقد ہوا جبکہ اجلاس میں تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور اراکین صوبائی اسمبلی کو 30نومبر کے احتجاج اور تحریک انصاف کی آئندہ کی حکمت عملی کے متعلق آگاہ کیاجبکہ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے پنجاب اسمبلی سے استعفوں کی تصدیق کیلئے آج پنجاب اسمبلی میں جانے کے فیصلے تمام اراکین اسمبلی اور پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بھی اعتماد میں لیا جبکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ موجودہ اسمبلیاں عوام کے ووٹوں سے نہیں دھاندلی سے وجود میں آئی ہیں اس لئے تحریک انصاف پہلے روز سے ہی احتجاج کر رہی ہے اور ہم کسی بھی صورت ان اسمبلیوں کا حصہ نہیں رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے پاس اقتدار میں رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں اور ان کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر اقتدار سے علیحدہ ہو جائیں اس میں ہی جمہوریت اور ملک کی بھی بھلائی ہے ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کی قیادت میں 30نومبر کے احتجاج کو نہ صرف کامیاب بلکہ تاریخی بھی بنائیں گے اور ثابت کرینگے کہ عوام تحریک انصاف کے ساتھ اور حکمرانوں کے خلاف میدان میں آ چکی ہے جبکہ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے اپنے خطاب میں کہاکہ پارٹی چیئرمین عمران خان اورپارٹی کے فیصلے کے مطابق پنجاب اسمبلی سے تمام اراکین اسمبلی نے اپنے استعفے سپیکر کو جمع کروائے لیکن سپیکر نے تاحال یہ استعفے منظور نہیں کئے اس لئے ہم جمعہ کے روز 11بجے استعفوں کی تصدیق کیلئے اسمبلی جائیں گے اور تمام اراکین اسمبلی سپیکر سے درخواست کریں گے کہ ہمارے استعفے فوری منظور کئے جائیں ۔

انہوں نے کہاکہ0 3نومبر کے احتجاج کی کال پوری قوم کی آواز بن چکی ہے اور آج صرف تحریک انصاف کے جلسے یا دھرنے میں نہیں بلکہ ملک کے کونے کونے میں گو نواز گو کے نعرے لگ رہے ہیں ۔