ذکی الرحمن لکھوی کا معاملہ عدالت میں ہے ، فیصلہ عدالت ہی کریگی،پاکستان ، بھارت کا واویلا بلاجواز ہے، سمجھوتہ ایکسپریس کے ماسٹر مائنڈ سوامی کو رہا کیا اور ہمارے تحفظات کا آج تک جواب نہیں دیا گیا، جان کیری رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرینگے، سٹریٹجک ڈائیلاگ پر دوبارہ بات چیت شرو ع ہوگی،توقع ہے کہ افغانستان کی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہو گی، پاک ایران گیس پائپ لائن کیلئے پرعزم ہیں؛ترجمان دفترِ خارجہ تسنیم اسلم

جمعہ 2 جنوری 2015 09:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 جنوری۔2015ء)دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت ذکی الرحمن لکھوی کے معاملے پر خواہ مخواہ میں واویلاکررہا ہے جبکہ بھارت نے سمجھوتہ ایکسپریس کے تحفظات کے حوالے سے ابھی تک آگاہ نہیں کیا اور اس کے ماسٹر مائنڈ سوامی کو بھی رہا کردیا۔ پاکستان خطے میں امن کا وژن رکھتا ہے اور افغانستان سے بھی دہشت گردی کیلئے سرزمین استعمال نہ ہونے کی توقع ہے‘ پاکستان اور ایران گیس پائپ لائن کیلئے پرعزم ہیں اور دونوں ملک اس حوالے سے رابطے میں ہیں۔

جمعرات کے روز ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور آپریشن کی تکمیل تک دوسرے ممالک کیساتھ تجارتی تعلقات بہتر ہوجائیں گے۔ پاکستان خطے میں امن کا ویژن رکھتا ہے اور اپنی سرزمین کسی بھی ملک کیخلاف استعمال نہ ہونے کے عزم پر برقرار ہے،امید ہے کہ افغانستان بھی دہشت گردی کیلئے اپنی سرزمین کو استعمال نہیں ہونے دے گا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو فلیگ میٹنگ واقعہ پر طلب کرکے سخت احتجاج کیا جبکہ پاکستان بھارت کے درمیان ہر سال یکم جنوری کو قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ ہوتا ہے جس میں پاکستان کی جانب سے بھارتی ہائی کمیشن کو 526 قیدیوں کی فہرست فراہم کردی گئی ہے جبکہ حکومت پاکستان کے ریکارڈ کے مطابق 510 قیدی بھارتی جیلوں میں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے یقین دہانی کرانے کے باوجود سمجھوتہ ایکسپریس کی تحقیقات سے اب تک آگاہ نہیں کیا حالانکہ سمجھوتہ ایکسپریس پر دہشت گردی کا واقعہ ممبئی حملہ کیس سے دو سال پہلے پیش آیا تھا اور بھارت نے سمجھوتہ ایکسپریس کے اہم ملزم ماسٹر مائنڈ سوامی کو بھی رہا کردیا۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت ذکی الرحمن لکھوی کے معاملے میں خواہ مخواہ واویلا کررہا ہے حالانکہ ذکی الرحمن لکھوی کا معاملہ عدالت میں ہے اور اس کا فیصلہ بھی عدالت ہی کرے گی۔

تسنیم اسلم نے کہا کہ پاک امریکہ سٹریٹجک ڈائیلاگ جوکہ التواء کا شکار تھے اس پر بھی رواں ماہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری پاکستان کا دورہ کریں گے اور پاک امریکہ سٹریٹجک ڈائیلاگ پر دوبارہ بات چیت شروع ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران گیس پائپ لائن کیلئے پرعزم ہیں اور دونوں ملک اس حوالے سے ایک دوسرے کیساتھ رابطے میں ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ گذشتہ برس 2014ء میں پاکستان کے افغانستان اور ایران کیساتھ تعلقات بہتر ہوئے ہیں۔