نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں ، عابد شیر علی ، منصوبے کی تعمیر میں تا خیر اور معیار میں کمی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے ، تعمیراتی کام کی کوالٹی مطلوبہ معیار کے مطابق نہ ہونے کی صورت میں کنٹریکٹر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،آزاد کشمیر میں زیر تعمیر نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے دورے کے موقع پر گفتگو

ہفتہ 10 جنوری 2015 08:55

مظفرآباد/راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 جنوری۔2015ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی کے بحران کے پیش نظر نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی بر وقت تکمیل وقت کا تقاضا ہے جس کیلئے تمام ممکنہ اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں ، منصوبے کی تعمیر میں تا خیر اور معیار میں کمی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا اور تعمیراتی کام کی کوالٹی مطلوبہ معیار کے مطابق نہ ہونے کی صورت میں کنٹریکٹر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔

وزیر مملکت برائے پانی و بجلی نے اِن خیالات کا اظہار جمعہ کو آزاد کشمیر میں زیر تعمیر نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے دورے کے موقع پر کیا۔چیئرمین واپڈا ظفر محمود، چیف ایگزیکٹو آفیسر نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ لیفٹیننٹ جنرل( ریٹائرڈ) محمد زبیر ، کنسلٹنٹ اور کنٹریکٹر کے نمائندے بھی اِس دوران موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کہا کہ محمد نواز شریف کی قیادت میں جمہوری حکومت بجلی کے بحران کو حل کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل استعمال میں لا رہی ہے ۔

وزیر اعظم کی خواہش ہے کہ سستی بجلی کی پیداوار کے ذریعے عوام کو ریلیف بہم پہنچایا جائے اور مذکورہ مقصد کیلئے وزارتِ پانی و بجلی نے ملک میں پانی اور پن بجلی کے منصوبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نہ صرف پن بجلی کے متعدد نئے منصوبے شروع کر رہی ہے بلکہ زیر تعمیر منصوبوں پر کام کی رفتار کو بھی تیز کیا گیا ہے ، اُنہوں نے پراجیکٹ کو ممکنہ مالی مسائل کے تدارک کیلئے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے بورڈ آف گورنر کے ہنگامی اجلاس کے انعقاد کیلئے ہدایات جاری کیں تاکہ پراجیکٹ مالی مسائل کی کمی کی وجہ سے سست روی کا شکار نہ ہو۔

سنگلاخ چٹانوں اور انتہائی دشوارگزار راستوں کے باوجود منصوبے پر مسقل مزاجی سے کام جاری ہے،منصوبے کو بر وقت مکمل کر کے قوم کو جلد خوشخبری سنائیں گے۔قبل ازیں وزیرِ مملکت نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے مختلف حصوں کا تفصیلی دورہ کیا اور اِس دوران ٹنل بورنگ مشینوں کے کام کا بھی مشاہدہ کیا ۔ پراجیکٹ پر جاری تعمیراتی کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ نیلم جہلم پراجیکٹ کا میرا یہ چوتھا دورہ ہے اور اس کا مقصد یہ ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق اِس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اِس منصوبے سے مقررہ مدت میں بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے ۔

چیئرمین واپڈا نے وزیر مملکت کو منصوبے پر تعمیر اتی کام کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تکمیل کے لئے واپڈا بھر پور کوشش کر رہا ہے اور اس وقت منصوبے کی تمام سائٹس پر کام تسلی بخش رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے ۔اُنہوں نے منصوبے کی تعمیر میں حائل مالی مشکلات دور کرنے کے لئے وزیر مملکت کے سرگرم کردار پر اُن کا شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :