موسم سرما کی بارشوں کا آغاز فروری میں ہونے کا امکان،ملکہ کوہسار مری ، گلیات سمیت بالائی علاقوں میں کل برفبا ری کا امکا ن ،محکمہ موسمیات نے ملک میں دھند کی شدت میں کمی آنے کی پیش گوئی کر دی

پیر 12 جنوری 2015 06:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12جنوری۔2015ء)محکمہ موسمیات نے ملک کے میدانی علاقوں میں دھند کی شدت میں کمی کی پیش گوئی کر دی۔ جبکہ منگل سے ملکہ کوہسار مری ، گلیات سمیت بالائی علاقوں کے پہاڑ برف کی سفید چادر اوڑھیں گے ، ملک میں موسم سرما کی باقاعدہ بارشوں کا آغاز فروری کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور میدانی علاقوں میں دھند کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔

پیر اور منگل کو ژوب اور کوئٹہ ڈویژن میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ منگل اور بدھ کو اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت خیبر پختونخواہ ، راولپنڈی ، سرگودھا ، گوجرانوالہ ، لاہورڈویڑن ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش جبکہ اس دوران مری ، گلیات ، پاراچنار ، مالاکنڈ ڈویڑن ، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے ملک کے میدانی علاقوں میں جاری دھند کی شدت میں کمی آنے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ گندم کی کاشت کے بارانی علاقوں میں منگل اور بدھ کو کہیں کہیں بارش ہوگی ، موسم سرما کے دوران پاکستان کے بالائی علاقوں میں معمول کے مطابق جبکہ جنوبی علاقوں میں معمول سے کم بارش ہوں گی۔ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم مالاکنڈ ڈویژ ن اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہے گا۔

متعلقہ عنوان :