افغان صدر نے قومی اتحاد کی کابینہ تشکیل دیدی، صلاح الدین ربانی وزیرِ خارجہ بن گئے، تین خواتین بھی کابینہ میں شامل

منگل 13 جنوری 2015 08:45

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13جنوری۔2015ء ) افغان صدر اشرف غنی نے تین ماہ بعد بالآخرقومی اتحاد کی کابینہ تشکیل دیدی ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کابل میں صدر غنی اور چیف ایگزیکیوٹو عبداللہ عبداللہ کی سربراہی میں ہونے والی تقریب میں انھوں نے 25 وزرا کا اعلان کیا۔کابینہ کی تشکیل کا یہ اعلان دونوں سابق حریفوں کے درمیان بہت گھمبیر مذاکرات کے بعد کیا گیا ہے۔

افغانستان میں گذشتہ سال متنازع انتخابات ہوئے تھے لیکن اب دونوں حریف ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنے پر رضامند ہو گئے ہیں۔کابینہ کو اب پارلیمان کی منظوری لینا ہو گی۔صدر غنی کی کابینہ میں تین خواتین ہیں جن کے پاس امور خواتین، ثقافت اور اعلیٰ تعلیم کے قلم دان ہیں۔ صلاح الدین ربانی وزیرِ خارجہ بنائے گئے ہیں جوسابق صدر برہان الدین ربانی کے بیٹے ہیں جو 2011 میں ایک خود کش حملے میں مارے گئے تھے۔

(جاری ہے)

افغانستان نیشنل بینک اور افغانستان نیشنل سکیورٹی کی نئے سربراہان کا بھی اعلان کیا گیا۔ تمام کابینہ نئے چہروں پر مشتمل ہے۔ کئی ایک کو تو عوام بالکل نہیں جانتی۔افغانستان میں گذشتہ سال متنازع انتخابات ہوئے تھے لیکن اب دونوں حریف ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنے پر رضامند ہو گئے ہیں، کئی نئے وزرا نوجوان ہیں اور برسوں سے جاری افغانستان کی سیاسی لڑائی اور جنگ کا مستقل حصہ نہیں رہے۔صدر غنی کے چیف آف سٹاف عبدل سلام رحیمی کا کہنا ہے کہ حکومت ان کے نام اعتماد کے ووٹ کے لیے پارلیمان کو بھیجے گی۔کابینہ کی منظوری میں لمبی تاخیر کی وجہ سے اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ قومی اتحاد کی حکومت اس مسئلے پر گر جائے گی۔