چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف اور امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے درمیان ملاقات،آپریشن ضرب عضب، افغانستان میں دہشت گردوں کے سرحد پر ٹھکانے ختم کرنے ، انٹیلی جنس شیئرنگ موثر بنانے سمیت پاک امریکہ تعلقات اور دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال،جان کیری کو جی ایچ کیو راولپنڈی پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ، جی ایچ کیو میں شہداء کی یادرگار پر حاضری،پھولوں کی چادر چڑھائی ، آپریشن ضرب عضب اور آپریشن خیبر ون نے دہشتگردوں کو بری طرح متاثر کردیا ہے ،کیری، امریکہ افغانستان میں اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے سرحد پر موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرے،آرمی چیف

بدھ 14 جنوری 2015 08:44

راولپنڈی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14جنوری۔2015ء ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف اور امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے درمیان ہونے والی ملاقات میں آپریشن ضرب عضب افغانستان میں دہشت گردوں کے سرحد پر ٹھکانے ختم کرنے ، انٹیلی جنس شیئرنگ موثر بنانے سمیت پاک امریکہ تعلقات اور دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق منگل کے روز امریکی وزیر خارجہ جان کیری جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف راحیل شریف سے ملاقات کیلئے پہنچے جہاں پر جان کیری کے استقبالیہ میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جب کہجان کیری نے بھی جی ایچ کیو میں شہداء کی یادگارپر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی اس موقع پر جان کیری کے ساتھ امریکی سنٹرل کمانڈ کے سربراہ بھی موجود تھے جنہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

امریکی وزیر خارجہ نے جنگ میں شہید فوجیوں کی قربانیوں کو سراہا جبکہ جان کیری نے آپریشن ضرب عضب کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضرب عضب اور آپریشن خیبر ون نے دہشتگردوں کو بری طرح متاثر کردیا ہے جبکہ آرمی چیف نے بھی جان کیری سے مطالبہ کیا کہ امریکہ افغانستان میں اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے سرحد پر موجود دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرے اس کے علاوہ راحیل شریف اور جان کیری کے درمیان پاک امریکہ تعلقات سمیت دفاعی تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ انٹیلی جنس شیئرنگ موثر بنانے پر بھی بات چیت ہوئی واضح رہے کہ راحیل شریف اور جان کیری کے درمیان ایک گھنٹے تک طویل ملاقات ہوئی ۔