عمران خان کے دھرنے سے پہلے ہی جوڈیشل کمیشن پر معاملات طے ہوجائیں گے ،عبدالقادر بلوچ ،دہشت گردی کے خاتمے کے سلسلے میں حکومتی اقدامات سے دہشت گردی کے خاتمے میں مدد ملے گی اس سال کے اخر تک شمالی وزیرستان ایجنسی کے متاثرین اپنے گھروں کو واپس جاچکے ہونگے ،خصوصی گفتگو

بدھ 14 جنوری 2015 08:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14جنوری۔2015ء)وفاقی وزیر برائے سیفران عبدالقادر بلوچ نے کہاہے کہ عمران خان کے دھرنے سے پہلے ہی جوڈیشل کمیشن پر معاملات طے ہوجائیں گے ،دہشت گردی کے خاتمے کے سلسلے میں حکومتی اقدامات سے دہشت گردی کے خاتمے میں مدد ملے گی اس سال کے اخر تک شمالی وزیرستان ایجنسی کے متاثرین اپنے گھروں کو واپس جاچکے ہونگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ کے باہرخبر رساں ادارے سے بات چیت کے دوران کیا انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان کے حالات مذید احتجاج کے متحمل نہیں ہوسکتے دھرنوں سے پہلے ہی ملکی معیشت کو کافی نقصان پہنچ چکا ہے اور اب تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ملک و قوم کی ترقی کیلئے سوچنا ہوگا انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی اور حکومت کے مابین جوڈیشل کمیشن کے معاملے پر معاملات طے پاچکے ہیں اور امید ہے کہ جلد ہی کمیشن بن جائے گا مگر یہ کمیشن عدالت کے تابع ہونا چاہیے کسی کی ذاتی خواہش یا دباؤ پر کام نہیں کرنا چاہیے انہوں نے کہاکہ اگر عمران خان کو کسی قسم کے اعتراضات ہیں تو وہ عدالتوں سے رجو ع کریں انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے کے سلسلے میں حکومت نے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیکر جو فیصلے کئے ہیں وہ ملک میں امن کے قیام کیلئے ایک سنگ میل ثابت ہوگا انہوں نے کہاکہ اپریشن ضرب عضب نے دہشت گردو ں کی کمر توڑ دی ہے پاک فوج ملک کو دہشت گردوں سے پاک و صاف کرنے کے لئے مصروف عمل ہے اور ایسے وقت میں ہمیں چاہیے کہ ہم پاک فوج کا بھرپور ساتھ دیں انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہمیں اپنی ذہنیت کو تبدیل کرنا ہوگا کیونکہ جب تک ہمارے ذہنوں سے دہشت گردوں کے ساتھ ہمدردی یا دیگر تحفظات موجود رہیں گے اس وقت تک ہم کامیاب نہیں ہوسکتے انہوں نے کہاکہ شمالی وزیرستان ایجنسی کے لاکھوں قبائلیوں نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنے گھر بار کو چھوڑا اور اپنے ہی وطن میں بے گھر ہوئے ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا انہوں نے کہاکہ شمالی وزیرستان ایجنسی کے قبائلی جلد ہی اپنے گھروں کو واپس جائیں گے اور 2015کے اخر تک کوئی قبائلی بے گھر نہیں رہے گاانہوں نے کہاکہ اس وقت وفاقی حکومت پاک فوج اور صوبائی حکومت مل کر قبائلیوں کی جلد از جلد واپسی کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دے رہی ہے اس کے ساتھ ساتھ پاک افغان سرحد کو محفوظ بنانے سمیت کئی اہم امور پر بھی تیزی سے کام جار ی ہے ۔