جویریہ کی133 رنز کی ناقابل شکست اننگز، پاکستان ویمن نے سری لنکا ویمن کو آخری ون ڈے میں 7 وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں وائٹ واش کر دیا، ثناء میر 51 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ، اتاپتو کی 99 رنز کی اننگز رائیگاں، 7 سالہ طویل انتظار کے بعد جویریہ خان نے ون ڈے کرکٹ میں پہلی سنچری بنا ڈالی،اننگز میں زیادہ رنز بنا کر ملکی ریکارڈ بھی قائم کر دیا

بدھ 14 جنوری 2015 08:10

شارجہ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14جنوری۔2015ء ) جویریہ خان کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت پاکستان ویمن ٹیم نے سری لنکا ویمن کو آخری ون ڈے میں 7 وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔ فاتح ٹیم نے 243 رنز کا ہدف 47.2 اوورز میں 3 وکٹوں پر حاصل کیا۔ جویریہ خان نے 133 اور کپتان ثناء میر نے 51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ون ڈے سیریز میں 3-0 سے کامیابی کے بعد پاکستان نے مجموعی طور پر 6 پوائنٹس بھی حاصل کر لئے ہیں۔ منگل کو شارجہ میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں سری لنکا ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 242 رنز بنائے، سری لنکن کپتان چماری اتا پتو نے 99 رنز کی اننگز کھیلی اور صرف ایک رن کے فرق سے کیریئر کی تیسری سنچری بنانے میں ناکام رہیں۔

(جاری ہے)

ادھر پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی اوپننگ بلے باز جویریہ خان نے سری لنکا کے خلاف آخری ون ڈے میں سنچری داغ دی۔ اس کے ساتھ ہی ان کا ون ڈے میں سنچری بنانے کا 7 سالہ طویل انتظار بھی ختم ہو گیا اور آخر کار وہ کیریئر کی پہلی سنچری بنانے میں کامیاب ہو گئیں۔ اس کے علاوہ اننگز میں زیادہ رنز کا ملکی ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ وہ پاکستان کی جانب سے سنچری بنانے والی دوسری بلے باز ہیں، اس سے قبل نین عابدی بھی سنچری بنا چکی ہیں۔

جویریہ نے 2008ء میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ منگل کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں پاکسانی ویمن بلے باز جویریہ خان نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کی۔ انہوں نے کیریئر کے 56 ویں میچ میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ جویریہ اس سے قبل ون ڈے میں چھ نصف سنچریاں بنا چکی ہیں۔