عمران اور ریحام خان کادورہ آرمی پبلک سکول،شہید بچوں کے والدین کا شدید احتجاج،گو عمران گو کے نعرے لگ گئے،مظاہرین نے عمران کی گاڑی کو گھیرے میں لے لیا،پولیس کے ساتھ جھڑپ،مزید نفری طلب کرلی گئی،ایک عورت عمران کا گریبان پکڑ کر شہید بچے کے خون کا حساب مانگتی رہی،عمران بیوی کے ساتھ سیر کر نے آئے ہیں،ووٹ دیکر بڑی غلطی کی ،لاشوں پر سیاست کرتے ہیں،وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے گالیاں اور دھکے دیئے،عمران ہمارے پیسوں پر ہیلی کاپٹر پر سیر کرتے ہیں،عمران ہمارے بچوں کی لاشوں پر سیاست نہ کریں،والدین کی میڈیا سے گفتگو،سکول کے دورہ کے دوران عمران خان بچوں میں گھل مل گئے ،بچے تصاویر بنواتے اور آٹو گراف لیتے رہے،بچوں کا جذبہ قابل ستائش ہے ،عمران خان،بچوں نے دوبارہ تعلیم شروع کر کے دہشتگردی کو شکست دی،ریحام خان

جمعرات 15 جنوری 2015 08:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15جنوری۔2015ء)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور ان کی اہلیہ ریحام خان کا آرمی پبلک سکول کا دورہ۔شہید بچوں کے والدین کا شدید احتجاج ،عمران کی گاڑی کو گھیرے میں لے لیا۔گوعمران گو کے نعرے لگایئے۔پولیس اور مظاہرین میں شدید جھڑپ ۔مزید نفری طلب کر لی گئی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز عمران خان اپنی اہلیہ کے ہمراہ آرمی پبلک سکول کا دورہ کیا ۔

وزیراعلیٰ پرویزخٹک بھی موجود تھے۔ اس موقع پر شہید ہونے والے بچوں کے والدین نے آرمی سکول کے باہر جمع ہو گئے اور عمران خان کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔عمران اپنی اہلیہ کے ہمراہ جب سکول گیٹ پر پہنچے تو مظاہرین نے ان کی گاڑی کو گھیرے میں لے لیا اور گوعمران گو کے نعرے لگائے۔اور غم وغصے کا شدید اظہار کیا جس کی وجہ سے عمران کو آرمی پبلک سکول کے عقبی گیٹ سے داخل ہونا پڑا۔

(جاری ہے)

ایک عورت عمران خان کا گریبان پکڑ کر اپنے بچوں کے خون کا حساب مانگتی رہی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مظاہرین نے کہا کہ عمران خان ہمارے بچوں کی لاشوں پر سیاست کررہے ہیں ۔ان کو ہمارے بچوں سے کوئی ہمدردی نہیں ہے ۔ہمارے بچوں کو شہید ہوئے کچھ ہی دن ہوئے ہیں اور عمران نے کو اپنی شادی کی پڑی تھی ۔انہوں نے کہا کہ عمران ہم سے ہمدردی نہیں بلکہ یہ اپنی بیوی کے ساتھ سیر کرنے کے لئے آئے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان لاشوں پر سیاست کی بجائے دہشت گردی کا مسئلہ حل کریں ۔مظاہرین نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پرویز خٹک نے ہمیں گالیاں دیں اور ہمیں دھکے دیئے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں عمران خان کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔یہ ہمارے پیسوں پر ہیلی کاپٹروں کی سیر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمارے بچوں کی نہیں بلکہ اپنی خوشیاں عزیز ہیں اس لئے ہمارے بچوں کا چالیسیواں بھی نہیں ہوا کہ عمران نے شادی کر لی۔

بچوں کے والدین نے کہا کہ ہم نے عمران خان کو ووٹ دیکر زندگی کی سب سے بڑی غلطی کی ہے۔اب ہم کبھی بھی تحریک انصاف کو ووٹ نہیں دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ عمران نے ہمیں مشکل وقت میں چھوڑ دیا ہے ۔ ادھرتحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آرمی پبلک سکول پشاور کا دورہ کیا جہاں سکول کے بچوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بدھ کے روز اپنی اہلیہ ریحام خان، تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین ،مرکزی رہنما نعیم الحق، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک، سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر اور صوبائی وزراء و ایم پی ایز سمیت آرمی پبلک سکول پہنچے تو وہاں موجود سکول کے بچوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

طلباء نے اس موقع پر آئی آئی پی ٹی آئی اور گو نواز گو کے نعرے بھی لگائے۔طلباء عمران خان کی گیٹ پر آمد کے بعد ان سے گھل مل گئے اور ان کیساتھ تصاویر بنواتے اور آٹو گراف لیتے رہے ۔طلباء کے جھمگٹے کی وجہ سے عمران خان اوردیگر رہنما سکول کے گیٹ سے بلڈنگ کے اندر کافی دیر میں پہنچے۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اس موقع پر بچوں کے حوصلے کو سراہااور اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ طلباء تعلیم جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں جبکہ ان کی اہلیہ ریحام خان کا کہنا تھا کہ آج آرمی پبلک سکول کے بچوں کی ہمت کو سلام پیش کرنے آئے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ بچو ں نے دوبارہ تعلیم شروع کر کے دہشتگردی کو شکست دی ہے ۔قبل ازیں جب عمران خان کا قافلہ آرمی سکو ل پہنچا تو راستے میں کچھ افراد نے ان کا راستہ روکنے کی کوشش کی جن کے بارے میں خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر مشتاق غنی کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنیوالوں دس سے بارہ لوگ تھے جنھوں نے کچھ دن قبل سیاسی مقاصد کیلئے شہداء فورم تشکیل دیا ہے جس میں اے این پی اور مسلم لیگ ن کے افراد شامل ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اس احتجاج کا مقصد شہداء سے یکجہتی نہیں بلکہ حکومت کو بدنام کرنا تھا ۔انھوں نے کہا کہ جن لوگوں نے احتجاج کیا ان کا تعلق سیاسی جماعتوں سے ہے اور ہمارے پاس ان کی لسٹ موجود ہے ۔انھوں نے کہا کہ ہم نے صوبے میں برداشت کی سیاست کو فروگ دیا اور مثالیں قائم کیں ،جے یو آئی نے جب سڑکیں بند کیں اس دن ہمارے جلوس بھی اسلام آباد جا رہے تھے لیکن ہم پیچھے ہٹ گئے اور کسی کو احتجاج سے نہیں روکا،صوبے میں بدمعاشی اور تصادم کی سیاست نہیں کرنے دینگے۔عمران خان کی اہلیہ ریحام خان نے بعد ازاں آرمی پبلک سکول کی شہید پرنسپل طاہرہ قاضی کے گھر کا دورہ کیا وروہاں ان کے لواحقین سے تعزیت اور اظہار ہمدری کی ۔