آئندہ میرے ساتھ کوئی پروٹوکول سٹاف اور گاڑی نہیں ہونی چاہئیں،عمران خان کی کے پی حکومت کو ہدایت،نہ کوئی ایئرپورٹ پر استقبال کیلئے آئے اور نہ کوئی ایم پی اے اپنی بیش قیمت گاڑیوں میں میرے ساتھ سفر کرے،وزیراعلیٰ سے رابطہ میں ہدایات

جمعہ 16 جنوری 2015 09:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17جنوری۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے وزیراعلی پرویز خٹک سمیت خیبر پختونخواہ کی تمام انتظامی مشینری کو حکم جاری کیا ہے کہ آئندہ ان کیساتھ کسی بھی قسم کا پروٹوکول سٹاف اور گاڑیاں موجود نہیں ہونی چاہئیں اور نہ ہی کوئی رکن اسمبلی اور پارٹی عہدیدار میری گاڑی کے پیچھے سوار ہوکر آئے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے گذشتہ روز دورہ پشاور کے دوران پروٹوکول میں چلنے والی گاڑیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلی کے پی کے پرویز خٹک اور دیگر انتظامی عہدیداروں کو کہا کہ میں نے پہلے بھی منع کیا تھا کہ جب میں دورہ پشاور کیلئے آؤں تو میرے ساتھ پروٹوکول کی گاڑیاں نہیں ہونی چاہئیں اور نہ ہی صوبائی وزراء اور صوبائی انتظامی مشینری کے لوگ میری گاڑی کیساتھ سفر کریں۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز عمران خان نے کے پی کے کے وزیراعلی پرویز خٹک سے کہا کہ تمام پارٹی عہدیداروں کو واضح طور پر بتادیا جائے کہ نہ ہی کوئی ایم پی اے اور صوبائی وزیر اپنی بیش قیمت گاڑیوں میں میرے ساتھ سفر کرے اور اگر آئندہ ایسا ہوا تو سخت ایکشن لیا جائے گا۔ عمران خان نے یہ ہدایات بھی جاری کی ہیں کہ گاڑیوں کے قافلے کیساتھ میرا ایئرپورٹ پر بھی استقبال کرنے کیلئے نہ آیا جائے۔

عمران خان کے پوچھنے پر وزیراعلی خیبر پختونخوا اور دیگر انتظامی افسران نے وضاحت کی کہ گذشتہ روز زیادہ گاڑیاں قافلے میں شریک ہونے کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ ہماری اپنی پارٹی کے کچھ ایم پی اے حضرات اور سپیکر صوبائی اسمبلی بھی اپنی الگ الگ گاڑیوں میں ساتھ سفر کررہے تھے۔ عمران خان نے ہدایت کی کہ آئندہ ایسا نہیں ہونا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :