کرپٹ بددیانت اور فرائض سے غفلت برتنے والے 62 ملازمین کے خلاف انکوائری جا ری ہے‘ عابد شیر علی ،جن ملازمین کو ان کے عہدوں سے فارغ کیا جاتا ہے وہ عدالت سٹے لیکر آجاتے ہیں۔ اس حوالے سے بھی جلد آرڈیننس کو قومی اسمبلی سے پاس کرایا جائے گا،قومی اسمبلی میں اظہا ر خیال

جمعہ 16 جنوری 2015 08:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17جنوری۔2015ء)وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے حکم پر محکمہ میں کرپٹ بددیانت اور فرائض سے غفلت برتنے والے 62 ملازمین کے خلاف انکوائری ہو رہی ہے۔ کرپشن ثابت ہونے پر ملازمتوں سے بھی برطرف کریں گے۔ جمعرات کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات میں انہوں نے ایوان کو بتایا کہ کرپٹ اور بددیانت افسران اور ملازمین کے خلاف سخت ایکشن لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جن ملازمین کو ان کے عہدوں سے فارغ کیا جاتا ہے وہ عدالت سٹے لیکر آجاتے ہیں۔ اس حوالے سے بھی جلد آرڈیننس کو قومی اسمبلی سے پاس کرایا جائے گا تاکہ کرپٹ لوگ قانون کی گرفت سے بچ نہ سکین۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ بھاشا ڈیم پر کام شروع کر دیا گیا ہے حکومت نے اس کے لئے 25 ملین روپے کی رقم مختص کر دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی مین اس ڈیم پر سیاست کی گئی اور سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف سابق وزراء اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کے نام کی تختیاں لگائی گئی ہیں مگر وزیراعظم نواز شریف عملاً اقدامات کر رہے ہیں ہمارے پاس فنڈز کی کمی ہے مگر ہم اس قومی پروجیکٹ کو مکمل کریں گے۔

اس سلسلے میں امریکہ نے بھی ہمیں فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ انہوں نے ایک فنی سوال کے جواب میں بتایا کہ حکومت ہائیڈرل پاور پروجیکٹ کو ترجیح دے رہی ہے کیونکہ یہ سستے پلانٹ ہیں۔