جان کیری، جواد ظریف ملاقات ،دونوں سفارتکاروں کا مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق

اتوار 18 جنوری 2015 08:55

پیرس،واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18جنوری۔2015ء) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے پیرس میں اپنے ایرانی ہم منصب، جواد ظریف سے ملاقات کی ہے جس میں ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ ملاقات اِسی ہفتے کے اوائل میں جنیوا میں ہونے والی اْن کی ملاقاتوں کا ایک تسلسل تھی، جو ایک گھنٹے تک جاری رہی۔

(جاری ہے)

اہل کار نے بتایا کہ اْنھوں نے ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ رکھنے اور اگلے ہفتوں کے دوران دوبارہ ملنے پر اتفاق کیا۔پچھلے ہفتے کے دہشت گرد حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے، کیری پیرس گئے ہوئے ہیں۔ اس سے قبل، اِسی ہفتے امریکی حکام نے کیری اور ظریف کے مابین ہونے والے جنیوا مذاکرات کو ’بامعنی‘ قرار دیا تھا۔ایران اور چھ عالمی طاقتیں۔۔امریکہ، برطانیہ، چین، فرانس، جرمنی اور روس۔۔ یکم جولائی کی ڈیڈلائن تک ایران کے جوہری پروگرام پر حتمی سمجھوتے تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔نومبر کی ڈیڈلائن تک سمجھوتا نہیں ہو پایا تھا، جس کے بعد مذاکرات کی تاریخ کو بڑھا دیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :