پاکستان اور نواز شریف اکٹھے نہیں چل سکتے،شیخ رشید ، پیٹرولیم بحران کے اصل ذمہ دار شاہد خاقان عباسی ہیں، عمران خان سے درخواست ہے ملک کو بچانے کیلئے باہر نکلیں، پی ٹی آئی کے دھرنا کنونشن سے خطاب

پیر 19 جنوری 2015 06:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19جنوری۔2015ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اور نواز شریف اکٹھے نہیں چل سکتے پیٹرولیم بحران کے اصل ذمہ دار شاہد خاقان عباسی ہیں، عمران خان سے درخواست ہے کہ ملک کو بچانے کیلئے باہر نکلیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد مین پی ٹی آئی کے دھرنا کنونشن سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی سربراہی میں ملک بحرانوں سے دو چار ہے غریب عوام بھوکوں مررہے ہیں جبکہ حکمران عیاشیوں میں مصروف ہیں انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی بندش کے بعد اب پیٹرول بھی نایاب ہوگیا ۔ پیٹرول بحران پر سرکاری ملازمین کو قربانی کا بکرا بنایا گیا جبکہ اصل ذمہ دار شاہد خاقان عباسی ہیں جنہوں نے پی ایس او کے اربوں روپے دبائے رکھے ہیں انہوں نے کہا کہ اس ملک کو بحرانوں سے صرف عمران خان ہی نکال سکتے ہیں اگر عمران خان ڈی چوک پر صرف کنٹینر ہی کھڑا رکھتے تو آج عوام کو پیٹرول کیلئے اتنا ذلیل و خوار نہ ہونا پڑتا انہوں نے کہا کہ ہمارا جیان اور مرنا پاکستان کے ساتھ ہے جب تک نواز شریف اور اس کے حواریوں کو ملک سے نکال باہر نہ کیا جائے اس وقت تک پاکستان مین امن قائم نہیں ہوسکتا۔