پی سی بی بورڈ کا 33واں اجلاس اختتام پذیر ،چیئرمین شہریار خان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان سپر لیگ پروجیکٹ کو بحال کردیا گیا ، نجم سیٹھی کی سربراہی میں6رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ، اجلا س میں پی سی بی جنرل کونسل کا اجلاس اپریل میں طلب کرنے کا فیصلہ،کینیا اور دوسرے ممالک کی ٹیموں کے دورے اور سکیورٹی خدشات اور اس حوالے سے جو اقدامات کئے گئے اس پر تفصیلی بریفنگ، نوید اکرم چیمہ کو ٹیم منیجر بنانے کی باقاعدہ توثیق کے علاوہ سالانہ 2013-14ء کا آڈٹ اکاؤنٹس کی بھی منظور ی

جمعرات 22 جنوری 2015 09:54

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22جنوری۔2015ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے پاکستان سپر لیگ پروجیکٹ کی منظوری دیدی ، ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی جو پی سی ایل رائٹس ایوارڈ کی نگرانی کرے گی، پی سی بی جنرل کونسل کا اجلاس اپریل میں طلب کرنے کا فیصلہ ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز پی سی بی کا 33وااں بورڈ کا اجلاس ہوا جس کی صدارت چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کی ۔

اجلاس میں پاکستان سپر لیگ کا پروجیکٹ بحال کردیا گیا اور اس کیلئے چھ ارکان پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی جس کے چیئرمین نجم سیٹھی ہونگے اس کے علاوہ سبحان احمد ، بدر احمد خان ، سلمان نصیر ، زکی الرحمن ممبر ز اور شعیب نوید سیکرٹری ہونگے ۔ اجلاس میں کینیا اور دوسرے ممالک کی ٹیموں کے دورے اور سکیورٹی خدشات اور اس حوالے سے جو اقدامات کئے گئے اس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

(جاری ہے)

آئی سی سی ورلڈ کپ 2015ء میں نیشنل سکواڈ میں شمولیت کے کے طریقہ کار کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس میں نوید اکرم چیمہ کو ٹیم منیجر بنانے کی باقاعدہ توثیق کردی گئی ۔ اجلاس میں انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کی فروخت کے حوالے سے جو اختیارات دیئے گئے ہیں ان کا جائزہ بھی لیا گیا اور ڈرافٹ ماڈل کانسٹیوشن آف کلب اور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس کیلئے حتمی کمیٹی تشکیل دے دی گئی جو آئندہ بورڈ اجلاس میں سفارشات پیش کرے گی ۔ پی سی بی نے میڈیا پالیسی کیلئے بھی ایک میڈیا کمیٹی تشکیل دی اجلاس میں سالانہ 2013-14ء کا آڈٹ اکاؤنٹس کی بھی منظور ی دی گئی