پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کے عالمی ایونٹ کے دوران سماجی رابطوں کی ویب سائٹس (سوشل میڈیا) کے استعمال پر پابندی عائد کردی، سینٹرل کنٹریکٹ میں درج شرائط کے مطابق دورہ نیوزی لینڈ اور ورلڈ کپ کے دوران کھلاڑیوں کو سوشل میڈیا استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہو گی،جس کسی نے بھی اس قانون کی خلاف ورزی کی اس سے سختی سے نمٹا جائے گا۔’ان کھلاڑیوں کو کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلے میں ملک کی نمائندگی کے لیے منتخب کیا گیا ہے اور اپنی 100 فیصد کارکردگی دکھانے اور کھیل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، منیجر نوید اکرم چیمہ

جمعرات 22 جنوری 2015 09:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22جنوری۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کے عالمی ایونٹ کے دوران سماجی رابطوں کی ویب سائٹس (سوشل میڈیا) کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔قومی ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں درج شرائط کے مطابق دورہ نیوزی لینڈ اور ورلڈ کپ کے دوران کھلاڑیوں کو سوشل میڈیا استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

’میرا ذاتی طور پر ماننا ہے کہ ان ویب سائٹس پر صرف وہ لوگ موجود ہوتے ہیں جن کے پاس بہت فارغ وقت ہو اور میرا نہیں خیال کہ ہمارے کھلاڑیوں کے پاس کرکٹ پر توجہ اور ورلڈ کپ کپ میں بہتری کارکردگی کے بجائے دیگر چیزوں کے لیے اتنا فارغ وقت ہو گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ بورڈ نہیں چاہتا کہ کھلاڑی کسی تنازع میں ملوث ہوں جو عام طور پر اسی صورت میں رونما ہوتے ہیں جب آپ سوشل میڈیا سائٹس پر سرگرم ہوں۔

نوید چیمہ نے کہا کہ جس کسی نے بھی اس قانون کی خلاف ورزی کی اس سے سختی سے نمٹا جائے گا۔’ان کھلاڑیوں کو کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلے میں ملک کی نمائندگی کے لیے منتخب کیا گیا ہے اور اپنی 100 فیصد کارکردگی دکھانے اور کھیل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ پابندی لگائی گئی ہے تاکہ ان کی دھیان نہ بٹے۔انہوں نے کہا کہ اس پابندی کا ہرگز یہ مقصد نہیں کہ ہم کھلاڑیوں سے اسکول کے بچوں جیسا رویہ روا رکھنا چاہتے ہیں بلکہ ہمیں امید ہے کہ وہ اپنی ذمے داری سمجھتے ہوئے ملک کے صحیح معنوں میں بہترین سفیر ثابت ہوں گے۔

قومی ٹیم کے منیجر نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ میں اپنے اہلخانہ کو ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔’کھلاڑیوں کو نیوزی لینڈ اہلخانہ لے جانے کی اجازت دی گئی ہے لیکن انہیں ورلڈ کپ میں فیملیز کو ساتھ رکھنے اجازت نہیں‘۔نوید چیمہ نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ہندوستان کے خلاف جارحانہ لیکن بھرپور جذبے کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کھلاڑیوں کو پابندی کیا گیا ہے کہ وہ میچ کے دوران کسی قسم کی فقرے بازی یا ایسے تاثرات نہ دیں جس سے دونوں ٹیموں یا شائقین کے درمیان تناوٴ پیدا ہو۔