آفریدی ریٹائرمنٹ سے قبل تیز ترین سنچری بنانے کے خواہاں، اگروہ یہ ریکارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو یہ محدود اوورز کی کرکٹ میں کیریئر کے اختتام سے قبل میرے اور میرے فینز کے لیے بہترین تحفہ ہو گا، شاہد آفریدی ، جب آپ کا خاص دن ہو اور اعتماد بلندیوں کو چھو رہا ہو تو ایسے ریکارڈ بن جاتے ہیں۔ اگر چیزیں میرے حق میں رہیں اور میرا خاص دن رہا تو میں نیوزی لینڈ میں یا ورلڈ کپ میں اے بی ڈی ویلیئرز کی جانب سے بنایا گیا ریکارڈ بہتر کرنے کی کوشش کروں گا، انٹرویو

جمعرات 22 جنوری 2015 09:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22جنوری۔2015ء) قومی ٹیم کے مایہ ناز آل راوٴنڈر شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ دورہ نیوزی لینڈ اور ورلڈ کپ کے دوران تیز ترین سنچری کا ریکارڈ دوبارہ اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے۔جارحانہ بلے باز نے کہا کہ اگروہ یہ ریکارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو یہ محدود اوورز کی کرکٹ میں کیریئر کے اختتام سے قبل میرے اور میرے فینز کے لیے بہترین تحفہ ہو گا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کو ایک انٹرویو میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ایسے ریکارڈز بنانے کے لیے کوئی حکمت عملی طے نہیں کی جاتی، جب آپ کا خاص دن ہو اور اعتماد بلندیوں کو چھو رہا ہو تو ایسے ریکارڈ بن جاتے ہیں۔ اگر چیزیں میرے حق میں رہیں اور میرا خاص دن رہا تو میں نیوزی لینڈ میں یا ورلڈ کپ میں اے بی ڈی ویلیئرز کی جانب سے بنایا گیا ریکارڈ بہتر کرنے کی کوشش کروں گا۔

(جاری ہے)

عالمی شہرت یافتہ آل راوٴنڈر نے کہا کہ ۔یاد رہے کہ 17 سال قبل شاہدآفریدی نے نیروبی میں اس وقت کی عالمی چیمپیئن سری لنکا کے خلاف 37 گیندوں پر 102 رنز بنا کر تیز ترین سنچری کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔گزشتہ سال نیوزی لینڈ کے کوری اینڈرسن نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 36 گیندوں پر سنچری بنا کر یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا تھا۔تاہم پچھلے دنوں جنوبی افریقی کپتان ڈی ویلیئرز نے ویسٹ انڈیز کے خلاف صرف 31 گیندوں پر سنچری بنا کر تیز ترین سنچری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

آفریدی نے کہا کہ جب میں 1996 میں نیروبی میں سہ ملکی سیریز کھیل رہا تھا تو میں نے خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ میں 37 گیندوں پر سنچری بناوٴں گا۔’وہ میرا خصوصی دن تھا جب ہر چیز میرے حق میں رہی، میری خواہش ہے کہ ورلڈ کپ میں ایسا ہی ایک خصوصی دن آئے، اگر ایسا ہوا تو میں وہ ریکارڈ واپس حاصل کرنے کی کوشش کروں گا جس مجھے ہمیشہ فخر رہا‘۔