ای سی سی نے بارہ لاکھ ٹن اضافی گندم برآمد کرنے اور شمالی وزیرستان کے متاثرین کو تیس ہزار ٹن گندم فراہم کرنے کی منظوری دے دی ، گندم سے بننے والی اشیاء پر پابندی کا فیصلہ،بجلی کے شعبے میں پرائیویٹ سیکٹر کو شامل کرنے کیلئے نیپرا کو لائسنس دینے کی منظوری ،او جی ڈی سی ایل اور کبیروالا پاور کمپنی کے مابین معاہدے کی بھی منظوری دے دی گئی

ہفتہ 24 جنوری 2015 09:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24جنوری۔2015ء) اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں بارہ لاکھ ٹن اضافی گندم برآمد کرنے اور شمالی وزیرستان کے متاثرین کو تیس ہزار ٹن گندم فراہم کرنے کی منظوری دے دی گئی اور گندم سے بننے والی اشیاء پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔ بجلی کے شعبے میں پرائیویٹ سیکٹر کو شامل کرنے کیلئے نیپرا کو لائسنس دینے کی منظوری دی گئی او جی ڈی سی ایل اور کبیروالا پاور کمپنی کے مابین معاہدے کی بھی منظوری دے دی گئی۔

اقتصادی رابطہ کونسل کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسحاق دار کی سربراہی میں منعقد ہو ا جلاس میں ملک میں گندم کی صورتحال پر غور کیا گیا اور ملک میں ضرورت سے زائد بارہ لاکھ ٹن گندم برآمد کرنے کی منظوری دے دی گئی جس کے مطابق پنجاب سے آٹھ لاکھ گندم جبکہ سندھ سے چار لاکھ ٹن گندم برآمد کی جائے گی۔

(جاری ہے)

گندم کی برآمد پر پنجاب کو 55 ڈالر فی میٹرک ٹن جبکہ سندھ کو 45 ڈالر فی میٹرک ٹن سبسڈی دی جائے گی اجلاس میں گندم سے بنی اشیاء کی درآمد پر بھی فوری پابندی عائد کردی گئی۔

اجلاس میں یونائیٹڈ نیشن ور لڈ فوڈ کے تحت شمالی وزیرستان ایجنسی اور فاٹا کے متاثرین کیلئے تیس ہزار ٹن گندم فراہم کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ مزید ضرورت پڑنے پر سیفران دوبارہ رجوع کر سکتا ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت پانی و بجلی کی جانب سے نجی شعبے کو بجلی کے ٹرانسمیشن کی جانب سے راغب کرنے کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے نیپرا کو ہدایت کی کہ بجلی کے شعبے میں تعمیرات ‘ بحالی و مرمتی کے شعبے میں نجی شعبے کو شامل کرنے کیلئے لائسنس جاری کئے جائیں۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے او جی ڈی سی ایل اور فوجی کبیر والا پاور کمپنی کے درمیان گیس کی سپلائی کے معاہدے کی بھی منظوری دے دی جس کے مطابق او جی ڈی سی ایل بیس فروری سے قبل فوجی کبیر والا پاور کمپنی کو بیس ملین کیوبک فٹ گیس روزانہ کی بنیاد پر اس وقت تک فراہم کرے گا جب تک کمپنی کو ایل این جی پر منتقل نہیں کیا جاتا تاکہ پاور پلانٹ سے 157 میگاواٹ بجلی حاصل کی جاسکے اقتصادی رابطہ کونسل نے بجلی بنانے پر خرچ ہونے والی کل لاگت کو بجلی کی قیمت کا حصہ بنانے کیلئے نیپرا پالیسی بنانے کی ہدایت کردی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کو 9 فیصد مارک اپ پر قرضہ فراہم کرنے کی بھی منظوری دے دی۔