پیپلزپارٹی کے اندر اختلافات نہیں‘ بے نظیر کی وصیت کے حوالے سے افواہیں پھیلائی جارہی ہیں‘ صدر زرداری اور بلاول بھٹو زرداری ایک ہی ٹرین کے مسافر ہیں، جہانگیر بدر،سندھ میں تحریک انصاف کے استعفے منظور کرنا پارٹی پالیسی ہے، اسپیکر نے آئینی اقدام کیا ہے، وفاق میں وزیراعظم کو قومی مفاہمت کے تحت مشورہ دیا ہے کہ استعفے منظور نہ کیے جائیں،صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 24 جنوری 2015 09:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24جنوری۔2015ء) پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل سینیٹر جہانگیر بدر نے کہا ہے کہ سندھ میں تحریک انصاف کے استعفے منظور کرنا پارٹی پالیسی ہے ‘ اسپیکر نے آئینی اقدام کیا ہے جبکہ وفاق میں وزیراعظم نواز شریف کو قومی مفاہمت کے تحت مشورہ دیا ہے کہ استعفے منظور نہ کیے جائیں۔ پیپلزپارٹی کے اندر اختلافات نہیں‘ بے نظیر کی وصیت کے حوالے سے افواہیں پھیلائی جارہی ہیں‘ صدر زرداری اور بلاول بھٹو زرداری ایک ہی ٹرین کے مسافر ہیں۔

پارلیمنٹ کیفے ٹیریا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی میں اختلافات کی خبریں صرف خواہش تو ہوسکتی ہے حقیقت سے اس سے کوئی تعلق نہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے حکومت کو چار ہفتوں کی جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے تاریخ دینا حکومت کیلئے ایک اہم معاملہ ہے تمام معاملات میں حکومت کو سنجیدگی دکھانی ہوگی انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن بن گیا تو پھر بہت ساری چیزیں منظر عام پر آئیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان سپیکر ایاز صادق کے حوالے سے کہیں پر بھی دھاندلی ثابت نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ پارٹی میں اصولی سٹینڈ لیا ہے اور وہ پارٹی کے اندر سے کرپٹ لوگوں کا خاتمہ کرنا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے جلسوں کا بھٹو سے موازنہ کرنا غیر دانشمندانہ بات ہے جو لوگ ذوالفقار علی بھٹو کی انگریزی کا ترجمہ نہیں کر سکتے ان کے جلسے بھٹو کے جلسوں سے کیسے بڑے ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام کارکنوں سے رابطے شروع کردیئے ہیں ان کے گھروں میں جاکر ان سے معافیاں مانگیں گے اور ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔