پی سی بی سلمان بٹ، محمد آصف کی مدد کو تیار،محمد عامر کو کاوٴنٹی کا معاہدہ دلانے کی کوششیں بھی شروع کردی گئی، محمد آصف اور سلمان بٹ کو پابندی سے متعلق شرائط پوری کرنے کی ہدایت ، دونوں پر نظر رکھی جائے گی ، پانچ ماہ بعد ان کا کیس اینٹی کرپشن سکیورٹی یونس کو بھیجا جائے گا ،پی سی بی

منگل 27 جنوری 2015 07:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جنوری۔2015ء )پاکستان کرکٹ بورڈ نے پابندی کا شکار کرکٹر سلمان بٹ اور محمد آصف کی مدد کا بھی عندیہ دیا ہے۔ بورڈ دونوں کرکٹرز کا کیس بھی آئی سی سی کو پیش کرنے پر تیار ہے جبکہ محمد عامر کو کاوٴنٹی کا معاہدہ دلانے کی کوششیں بھی شروع کردی گئی ہیں۔پانچ سالہ پابندی کے بعد محمد عامر کی آئندہ ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی متوقع ہے۔

پی سی بی نے ان کے ساتھ اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ سلمان بٹ اور آصف کی بھی مدد کا عندیہ دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں پلیئرزکو ہدایت کی ہے کہ وہ بھی پابندی سے متعلق شرائط پوری کریں تاکہ ان کا کیس آئی سی سی میں پیش کیا جا سکے۔ بورڈ دونوں پرنظر رکھے گا اور پانچ ماہ کے بعد ان کے کیس اینٹی کرپشن و سکیورٹی یونٹ کو کلیئرنس کے لیے بھیجے جائیں گے۔

(جاری ہے)

وہاں سے منظوری کے بعد ہی دونوں ڈومیسٹک کرکٹ کھیل سکیں گے۔محمد عامر کی مقامی میچز میں واپسی کی اجازت اس ماہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں دی جائے گی۔ پاکستان کا ڈومیسٹک سیزن اگلے مہینے ختم ہوجائے گا اور نیا سیزن اکتوبر میں شروع ہوگا۔ عامر کی واپسی ورلڈ کپ کے بعد قومی سپرایٹ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں ہوسکتی ہے لیکن ان کا کسی کاوٴنٹی سے معاہدہ بھی کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ فاسٹ بولر کے منفی ریکارڈ کے پیش نظر کچھ کاوٴنٹیزانہیں کھلانے پر ہچکچاہٹ کا شکار ہوسکتی ہیں لیکن پھر بھی ان کا معاہدہ ناممکن نہیں ہوگا۔ عامر کی انگلینڈ واپسی میں وہاں کے قوانین بھی حائل ہوں گے جن کے تحت برطانیہ میں بارہ ماہ سے کم سزا کاٹنے والے فرد کو رہائی کے بعد پانچ سال تک ویزا نہیں مل سکتا۔

متعلقہ عنوان :