سیاست کبھی نہیں کی نہ آتی ہے اور نہ کروں گا، ملک ریاض ،مجھے جو سیاست میں آنے کا کہتا ہے اسے کہتا ہوں مجھے بددعا نہ دے تعلیم ایک مقدس چیز ہے لوگ جس خدا کو عبادت گاہوں ، مسجدوں اور بڑے کاموں میں تلاش کرتے ہیں اس اللہ تک پہنچنے کے راستے غریب کے دلوں سے گزرتے ہیں، ہمارا رب غریب کے دل میں رہتا ہے ، افسوس کے امیر ترین شخصیات میں مسلمانوں کی بجائے بل گیٹس کو مخلوق کی خدمت کی توفیق ملی ،دعا کریں مجھے رئیل سٹیٹ ٹیکون کے نام سے نہیں بلکہ ویلفیئر ٹائیکون کے نام سے یاد رکھا جائے ۔ حیدر آباد میں الطاف حسین یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 31 جنوری 2015 04:17

حیدر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31جنوری۔2015ء) بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض نے کہا ہے کہ سیاست کبھی نہیں کی نہ آتی ہے اور نہ کروں گا مجھے جو سیاست میں آنے کا کہتا ہے اسے کہتا ہوں مجھے بددعا نہ دے تعلیم ایک مقدس چیز ہے لوگ جس خدا کو عبادت گاہوں ، مسجدوں اور بڑے کاموں میں تلاش کرتے ہیں اس اللہ تک پہنچنے کے راستے غریب کے دلوں سے گزرتے ہیں اور ہمارا رب غریب کے دل میں رہتا ہے ، افسوس کے امیر ترین شخصیات میں مسلمانوں کی بجائے بل گیٹس کو مخلوق کی خدمت کی توفیق ملی دعا کریں مجھے رئیل سٹیٹ ٹیکون کے نام سے نہیں بلکہ ویلفیئر ٹائیکون کے نام سے یاد رکھا جائے ۔

حیدر آباد میں الطاف حسین یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک ریاض نے کہا کہ میں جس جگہ کھڑا ہوں اور جو کام شروع کرنے جارہا ہوں وہ معجزے سے کم نہیں میں گورنر سندھ اور الطاف حسین کی خواہش پر ہاکی ٹیم کی خدمت کے لیے لاہور گیا اور ٹیم کو پچاس لاکھ روپے دیئے انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کو پریشان دیکھا تو ان سے پوچھا کیا پریشانی ہے تو انہوں نے کہا کہ حیدر آباد اور کراچی میں یونیورسٹی نہیں ہے میں آصف علی زرداری سے ملا اور ان سے یونیورسٹی کی بات کی میں نے کبھی سیاست کی ہے نہ سیاست کرنی ہے اور نہ ہی میں نے کبھی سیاست میں آنا ہے اگر کوئی مجھے سیاست میں آنے کا کہتا ہے کہ تو اسے کہتا ہوں مجھے بددعا نہ دے مجھے دعا دے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے مجھے کہا کہ آپ یونیورسٹی بنائیں اور اس کا نام الطاف حسین کے نام پررکھیں یہ یونیورسٹی الطاف حسین کی خواہش کے مطابق لطیف آباد میں ہی بنا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے یونیورسٹی کے لیے مفت زمین دینا چاہی تھی لیکن ہم نے چالیس کروڑ روپے ادائیگی کی اور خدا کے فضل سے آج یونیورسٹی کے کام کا آغاز کررہے ہیں ۔

ملک ریاض نے کہا کہ اسلامی دنیا میں اسماعیلی نام کا فرقہ ساڑھے بارہ سو سال سے چل رہا ہے جس کی بنیاد امام اسماعیل جعفر نے آٹھویں صدی عیسوی میں رکھی یہ لوگ ڈیڑھ سو سال تک مصر کے بادشاہ بھی رہے اور اس فرقے کے ایک امام نے قاہرہ میں اسلامی یونیورسٹی کی بنیاد رکھی جو آج ایک ہزار 45سال بعد بھی قائم ہے جو الازہر کہلاتی ہے جو اسلامی دنیا کی قدیم ترین یونیورسٹی کہلاتی ہے اور اسلامی دنیا کے تاج کا کوہ نور ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم اتنی مقدس ہے کہ لوگ اماموں کے نام بھول جاتے ہیں لیکن یونیورسٹیوں کے نام زندہ اور یاد رہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں 5758 بڑی یونیورسٹیاں ہیں بھارت میں 8460 ، جاپان میں 1223 جبکہ ان ملکوں کے مقابلے میں 58 اسلامی ملکوں میں صرف 500 یونیورسٹیاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عیسائی دنیا کی 90فیصد آبادی تعلیم یافتہ ہے جبکہ 27فیصد مسلمان تعلیم یافتہ ہیں عیسائیوں کے چالیس فیصد طالب علم یونیورسٹیوں تک پہنچنتے ہیں جبکہ اسلامی دنیا کے صرف دو فیصد نوجوان یونیورسٹیوں تک پہنچتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کے دس لاکھ آبادی سے چار جاپان میں پانچ ہزار سائنسدان بنتے ہیں جبکہ اسلامی دنیا کے اکیس لاکھ میں سے صرف 230سائنسی علوم حاصل کر پاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں 22لاکھ فل ٹائم ریسرچ سکالر جبکہ 22ممالک پر مشتمل پوری عرب دنیا میں صرف 3500 ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یورپ اپنی آمدنی کا پانچ فیصد تحقیق اور تعلیم پر خرچ کرہا ہے جبکہ اسلامی دنیا آمدن کا صرف 0.2فیصد تعلیم پر خرچ کرتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی دو سو عظیم یونیورسٹیوں میں صرف دو یونیورسٹیاں ترکی کی مڈل ایسٹ ٹیکنیکل یونیورسٹی اور دوسری سعودی عرب کی کنگ سعود یونیورسٹی اسلامی دنیا سے تعلق رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنی آمدن کا 2.6فیصد جبکہ اسلامی دنیا 0.2فیصد اعلیٰ تعلیم پر خرچ کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اللہ کو عبادتوں ، خلوتوں ، مسجدوں اور قرآن مجید میں تلاش کرتے ہیں اور خدا کو پانے کے لیے بڑے بڑے ہسپتال ، مسجدیں ، خیراتی ادارے اور دارالامان میں تلاش کرتے ہیں لیکن ہمارا خدا ہماری چھوٹی چھوٹی نیکیوں اور کاموں میں انتظار کرتا رہتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جس اللہ کی تلاش میں پرہیز گار پوری زندگی سجدے کرتے ہیں اور عمر بھر روزے رکھتے ہیں وہ خدا ایک روٹی ، ایک گلاس پانی ایک چادر اور ایک رضائی کے بدلے مل سکتا ہے ہم خدا کے جس کرم کو قبلوں میں تلاش کرتے ہیں وہ رحمت اس کے بندوں کی چھوٹی چھوٹی حسرتوں میں چھپی ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ اللہ تک پہنچنے کے تمام راستے مظلوم ، بے بس اور نادرا مخلوق کے دل سے گزرتے ہیں اور یہ راستے کبھی پانی کے گلاس ، کبھی روٹی کے عوض کھل جات ہیں ۔

خدا غریبوں کے دلوں میں رہتا ہے جب تک ہم ان لوگوں کے دل تک نہیں پہنچ سکتے ہم اللہ تک نہیں پہنچ پاتے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے والد سے پوچھا تھا کہ لوگ غریب کیوں ہوتے ہیں تو مجھے جواب ملا کہ رب جانتا ہے کہ کون کتنی تکلیف برداست کرسکتا ہے جب میں نے پوچھا خدا ان کی دعا کیوں نہیں سنتا اور ان کی پریشانیاں دور کیوں نہیں کرتا تو میرے بابا نے کہا تھا کہ اللہ تعالیٰ ان لوگوں کے ذریعے صاحب ثروت اور بااختیار لوگوں کاامتحان لیتا ہے اور لوگوں کو غفلت اور بے حسی کا جواب دینا پڑے گا ۔

انہوں نے کہا کہ حضرت عمر  جانتے تھے کہ غریب اور جانور تک ان کی ذمہ داری ہیں اور امتحان ہے میرے بابا نے کہا تھا کہ اگر خدا کے امتحان میں کامیاب ہونا چاہتے ہو تو لوگوں کی ضرورتیں پوری کیا کرو ۔ انہوں نے کہا کہ بل گیٹس کی اخبار میں تقریر پڑھ کر آنسو نکل گئے کہ دنیا کی امیر ترین لوگوں کی فہرست میں تین مسلمان ہونے کے باوجود مخلوق کی خدمت کی توفیق خدا نے بل گیٹس کو عطا فرمائی ۔

دنیا کے پانچویں امیر ترین مسلمان شہزادے ولید بن طلال کی دولت جواء خانوں اور شراب پر خرچ ہورہی ہے جبکہ بل گیٹس کی دولت ایڈز کے علاج ، تعلیم ، پولیو کے قطروں پر خرچ ہورہی ہے میں بل گیٹس کو حقیقتاً رول ماڈل سمجھتا ہوں اور سب کو سمجھنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا میں ہیروں ا ور سونے کی کانوں ، تیل کے درجنوں کنوؤں کے مالک ہیں لیکن انہیں ضرورت مند کو دس روپے دینے کی توفیق نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ ارب مسلمانوں میں ایک بھی بل گیٹس نہیں جو ساری زندگی مخلوق خدا کی خدمت میں وقف کردے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام پر امریکہ اور یورپ بل گیٹس جیسے لوگوں کی وجہ سے غالب ہیں یورپ اور امریکہ کے پاس بڑے انسان ہیں جبکہ مسلمانوں کے پاس بڑے تاجروں بیوپاریوں ، رشوت خوروں اور صنعتکاروں کے علاوہ کچھ نہیں کاش پاکستان کے سو ارب پتی تاجر بل گیٹس سے سبق لے سکیں اور اپنا سرمایہ غریبوں کے لئے وقف کردیں ۔

انہوں نے کہا کہ میں میٹرک پاس اور غریب آدمی ہوں میرے پاس تعلیم اور عہدہ تھا اور نہ ہی میں جاگیردار ہوں میرے پاس جو کچھ ہے وہ اللہ کی رحمت ہے میں نے ملک میں دو کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے بحریہ ٹاؤن کے سکولوں میں 22653بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں ہم نے دنیا کی سب سے بڑی مسجد کی تعمیر شروع کردی اور لاہور میں ساتویں بڑی مسجد بن چکی ہے کراچی کی بڑی مسجد میں آٹھ لاکھ نمازی نماز ادا کرسکیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کے نام پر دو یونیورسٹیاں کراچی اور حیدر آباد میں بنا رہے ہیں حیدر آباد کی یونیورسٹی دو سال میں کام شروع کردے گی یہ یونیورسٹی آکسفورڈ سے بہتر بنے گی 80ایکڑ رقبے پر یونیورسٹی کے ساتھ ایک اور ہسپتال بھی بنے گا انہوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی میں صرف اردو بولنے والے نہیں بلکہ پنجابی ، سندھی ، پختون اور دیگر لوگ بھی تعلیم حاصل کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں دنیا کا سب سے بڑا ٹاور بنا رہے ہیں جو دبئی کے ٹاور سے تین منزل اونچا ہوگا الطاف حسین پچاس سکالر شپ کا اعلان کرینگے بحریہ ٹاؤن میں سپانسر شپ کرے گا حیدر آباد میں الطاف حسین کے نام پر بحریہ دسترخوان لگے گا