وزیر اعظم کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں12روپے لٹر تک کمی کا اعلان، پیٹرول7روپے99پیسے، لائٹ ڈیزل9روپے56پیسء، ہائی سپیڈ ڈیزل5روپے62پیسے فی لیٹر سستا، پٹرولیم مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس ( جی ایس ٹی) کی شرح میں 5 فیصد اضافہ کر دیاگیا، عوام ساڑھے5ارب روپے سے زائد کے ریلیف سے محروم ہوگئے ،یکم فروری سے عوام سے تیل پر 27 فیصد سیلز ٹیکس وصول کیا جائیگا،نوٹیفکیشن جاری

اتوار 1 فروری 2015 09:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1فروری۔2015ء)وزیر اعظم نواز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تقریباً 12روپے لٹر تک کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے صرف 28ارب کا خسارہ پورا کیا ہے جبکہ مزید 40ارب روپے نقصان ہوگا،صوبے نچلی سطح پر عوام کو ریلیف دلائیں،عمران خان کہتے تھے کہ تھیلے کھلیں گے تو دھاندلی کے ثبوت سامنے آ جائیں گے مگرکچھ سامنے نہیں آیا تو فیصلوں کو تسلیم کریں،کوشش ہے کہ نہ صرف عوام کو بجلی ملے بلکہ سستی ملے۔

وہ ہفتہ کویہاں ایلیٹ فورس اکیڈمی میں جوانوں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پٹرول کی قیمت میں 7 روپے 99 پیسے فی لیٹر کمی کی جارہی ہے جبکہ لائٹ ڈیزل فی لیٹر9 روپے 56 پیسے ،ہائی سپیڈ ڈیزل فی لیٹر 5 روپے 62 پیسے،ہائی اوکٹین فی لیٹر11 روپے 82 پیسے اور مٹی کا تیل فی لیٹر10 روپے48 پیسے کمی کی جارہی ہے جبکہ سیلز ٹیکس کی مد میں حکومت نے 68 نقصان کو پورا کرنے کے لئے پٹرول سے2 روپے ایک پیسے،ہائی اوکٹین سے3 روپے 16 پیسے،مٹی کے تیل سے2روپے 42 پیسے ،ہائی سپیڈ ڈیزل فی لیٹر3 روپے 18 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل فی لیٹر2 روپے 28 پیسے حکومت رکھے گی جس سے حکومت 28 ارب روپے حکومت کو ملیں گے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ قوم دعا کرے کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتیں نہ بڑھیں ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی یکم فروری سے نافذ العمل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی کمی سے کاشت کاروں کو براہ راست فائدہ ہوگااور انڈسٹری کو بھی فائدہ ہوگا ، کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرایوں میں کمی صوبائی معاملہ ہے ،چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی سے بات کروں گا کہ پٹرول کی کمی سے ٹرانسپورٹ میں کرایوں کی کمی کے حوالے سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کی پیش کش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ این اے 122 میں دھاندلی کاکہا گیا اورعمران خان نے ثبوت تو پیش نہ کئے اور صرف کہا کہ جب تھیلے کھلیں گے تو ثبوت سامنے آجائیں گے مگر جب تھیلے کھل گئے تو کچھ سامنے نہیں آیا اور اب گنتی کے فیصلے کو کیوں نہیں مانا جارہا ۔

این اے122 میں کسی قسم کی کوئی دھاندلی سامنے نہیں آئی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا بروقت آرڈر نہ دینے پر ملک میں پٹرول بحران ہوااس حوالہ سے مزید تحقیقات جاری ہے، کئی اہم شخصیات کو ہٹایا گیا ہے اور اس تحقیقات کو منطقی نتیجہ تک پہنچائیں گے تاہم وزیراعظم نے کہا کہ میڈیا کی طرف سے بھی کچھ زائد بحران کو ظاہر کیا گیا جس سے عوام کی پٹرول پمپوں پر لائنیں لگ گئیں، اس طرح ہم سب کا کچھ نہ کچھ قصور ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بجلی بھی عوام کو سستی ملے گی ،کچھ سالوں تک عوام کو سستی بجلی فراہم کی جائے گی اس حوالے سے حکومت اقدامات کررہی ہے ۔بجلی کے پری پیڈ میٹر کے حوالے سے سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ اس حوالہ سے بات چیت جاری ہے تاہم کہا جاتا ہے کہ پھر دو مہینوں کے بل دینا ہوں گے ، اگر قوم دو ماہ کے بل دینے پر تیار ہے تو ہم اس کو لگادیتے ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف افغانستان تعاون کررہا ہے اور ہم مل کر دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں پاکستان ،افغانستان بلکہ پورے خطے میں پناہ کی جگہ نہیں ملے گی ۔حکومت نے ایک جانب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی کمی کی تاہم دوسری طرف عوام سے ہاتھ کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس ( جی ایس ٹی) کی شرح میں 5 فیصد اضافہ کر دیا ہے جس سے عوام ساڑھے5ارب روپے سے زائد کے ریلیف سے محروم ہوگئے ہیں اوریکم فروری سے عوام سے تیل پر 27 فیصد سیلز ٹیکس وصول کیا جائیگا،جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کے روز پٹرولیم مصنوعات کی کمی کے اعلان کے بعد حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی کی شرح میں اضافے کے ریکارڈ توڑتے ہوئے 5 فیصد اضافہ کر دیا ہے اور اب سیلز ٹیکس 22 سے بڑھ کر27 فیصد کر دیا گیا ہے ۔حکومت نے ایک ماہ کے دوران دو مرتبہ جی ایس ٹی میں اضافہ کیا ہے ،ایف بی آر نے وزارت خزانہ کی ہدایت پر سیلز ٹیکس میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔

ایف بی آر کے مطابق سیلز ٹیکس 22 سے 27 فیصد ہوگیا ہے اور یکم فروری سے اس کی وصولی کی جائے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جی ایس ٹی کے نفاذ کے بعد پٹرول کی قیمت میں 10روپے 75پیسے کی بجائے 7روپے 99پیسے،ایچ او بی سی 14روپے 98پیسے کی بجائے 11روپے 82پیسے اور مٹی کا تیل 12روپے 92پیسے کی بجائے 10روپے 48پیسے فی لیٹر کمی ہوگی۔ لاہور میں ٹرانسپورٹرز اور گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں پانچ سے سات فیصد کمی کا اعلان کردیا اطلاق آج سے شروع ہوگا لاہور میں ٹرانسپورٹرز اور گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے کرایوں میں کمی کا اطلاق آج اتوار سے شروع ہوچکا ہے گڈز ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں سات فیصد ‘ انٹرا سٹی اے سی ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں پانچ پیسے فی کلومیٹر اور انٹراسٹی نان اے سی کے کرایوں میں پانچ سے سات فیصد کمی کی گئی ہے۔