وزیراعظم نے 20غیر ملکی دورے کئے جن پر 32کروڑ خرچ ہوئے،پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کے تحت487کلومیٹر سڑک رائے کوٹ سے اسلام آباد تک تعمیر کی جائے گی، سرمایہ کاری چین کرے گا،ملک میں شاہراہوں کے 29 منصوبے شروع کئے گئے ہیں،فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث منصوبے وقت پر مکمل نہیں ہوئے،امریکہ میں پاکستان مفادات کو اجاگر کرنے کیلئے پرائیویٹ فرم کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں،یہ فرم پاکستانی سفارتخانہ کو سہولت کار کا کام دے گی،سینٹ میں وقفہ سوالات

بدھ 4 فروری 2015 09:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 5فروری۔2015ء)سینٹ کو وقفہ سوالات میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے 20غیر ملکی دورے کئے جن پر 32کروڑ خرچ ہوئے،پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کے تحت487کلومیٹر سڑک رائے کوٹ سے اسلام آباد تک تعمیر کی جائے گی، سرمایہ کاری چین کرے گا،ملک میں شاہراہوں کے 29 منصوبے شروع کئے گئے ہیں،فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث منصوبے وقت پر مکمل نہیں ہوئے۔

امریکہ میں پاکستان مفادات کو اجاگر کرنے کیلئے پرائیویٹ فرم کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں،یہ فرم پاکستانی سفارتخانہ کو سہولت کار کا کام دے گی۔حکومت نے سینیٹ کو بتایا کہ چکدرہ تیمرگرہ کے مابین سڑک کی تعمیر کیلئے ایک ارب 10کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں،یہ سڑک جلد تعمیر کردی جائے گی،600ملین پہلے ہی اس سڑک پر خرچ ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

ایوان کو بتایا گیا کہ این95 کی تعمیر اور مینٹیننس کے لئے حکومت نے5ارب روپے مختص کردئیے ہیں،یہ سڑک کالام تک جلد مکمل کی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں حکومت نے ایوان کو بتایا ہے کہ ملک میں پرائیویٹ کومرسیڈ سروسز کو ریگولیٹ کرنے کیلئے کوئی ریگولیٹری اتھارٹی موجود نہیں ہے،تاہم یہ کمپنیاں ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ ہوئی ہیں،اس سیکٹر کو ریگولیٹ کرنے کیلئے اتھارٹی بنانے کی تجویز زیر غور ہے۔وزیر مواصلات نے بتایا ہے کہ پوسٹل سروسز نے کرایہ پر دی گئی جائیدادوں کو کرایہ پر دیا ہے اور450ملین کے بقایا جات وصول کرنے باقی ہیں۔

حکومت نے ہری پور اور ٹیکسلا تک سڑک کی بحالی کیلئے450ملین رقم مختص کی ہے۔حکومت نے سینیٹ کو بتایا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کے تحت487کلومیٹر سڑک رائے کوٹ سے اسلام آباد تک تعمیر کی جائے گی،اس منصوبہ کی فزیبلٹی ڈیزائن اور تعمیر پر متفق ہوگئے ہیں،اس منصوبہ کی تعمیر کیلئے سرمایہ کاری چین کرے گا۔وزیرتعلیم و تربیت بلیغ الرحمان نے سینیٹ کو بتایا کہ علامہ اقبال اور قائد اعظم یونیورسٹی میں ملازمت کرنے والے افراد کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کیلئے کام جاری ہے۔

وزارت مواصلات نے بتایا کہ موٹرویز پر قائم ٹول پلازوں کا ٹھیکہ ایف ڈبلیو او کو 18سال قبل دیا گیا تھا اورٹول ریٹس میں اضافہہر 3سال بعد ہوتا ہے،ٹول پلازوں پر ہونے والی آمدنی شاہراہوں کی مرمت پر خرچ ہوتی ہیں۔ایوان کو بتایا گیا ہے کہ ملک میں شاہراہوں کے 29 منصوبے شروع کئے گئے ہیں،فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث منصوبے وقت پر مکمل نہیں ہوئے ہیں،بلوچستان کیلئے ایک منصوبہ تھا جو مکمل نہیں ہوا ہے،حکومت نے اس کی وجہ امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو قرار دیا ہے۔

لواری ٹنل کی تعمیر کیلئے موجودہ مالی سال میں2ارب روپے مختص کئے گئے ہیں،یہ منصوبہ2018ء تک مکمل ہوگا اور تعمیر پر18ارب سے زائد لاگت آئے گی۔سینیٹ کو مشیر خارجہ امور نے بتایا کہ نوازشریف نے اپنے حالیہ دور حکومت میں20غیر ملکی دورے کئے ہیں۔نوازشریف نے یہ دورے چین ،ترکی امریکہ کے2,2دورے،برطانیہ،سری لنکا،تھائی لینڈ،افغانستان جبکہ ترکی، افغانستان سہ فریقی اجلاس میں شرکت،ہالینڈ،چین،برطانیہ، ایران،بھارت،تاجکستان،امریکہ میں یو این او کا دورہ،چین میں علاقائی کانفرنس میں شرکت کی۔

جرمنی،نیپال میں سارک کانفرنس میں شرکت اور افغانستان پر کانفرنس میں شرکت کیلئے لندن کا دورہ شامل ہے۔ان دوروں پر کل32کروڑ سے زائد اخراجات آئے ہیں۔سیدہ صغریٰ امام کے سوال کے جواب میں حکومت نے کہا کہ امریکہ میں پاکستان مفادات کو اجاگر کرنے کیلئے پرائیویٹ فرم کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں،یہ فرم پاکستانی سفارتخانہ کو سہولت کار کا کام دے گی ۔