عمران خان کی تقریر طے شدہ، کراچی کا امن تباہ کرنے کی کوشش ہے: ایم کیو ایم

منگل 10 فروری 2015 09:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10فروری۔2015ء)ایم کیو ایم کے رہنماء حیدر عباس رضوی نے کہا ہے کہ عمران خان کی اشتعال انگیز تقریر کا مقصد کراچی کو بدامنی کی طرف دکھیلنا تھا۔ عمران خان طالبان کیخلاف قومی اتفاق رائے تباہ کرنے پر تُلے ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ہنگامی پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں ایم کیو ایم رہنماء حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ رابطہ کمیٹی آج کے دن کو سیاسی تاریخ کا سیاہ دن سمجھتی ہے۔

عمران خان نے قائد تحریک الطاف حسین کیخلاف فرعونیت اور بازاری زبان استعمال کی۔ حالات و واقعات بتا رہے ہیں کہ عمران خان کی پریس کانفرنس دھرنے کی طرح کسی طے شدہ منصوبے کا حصہ ہے۔ عمران خان کی تقریر پہلے سے طے شدہ تھی۔ ایم کیو ایم کیخلاف جو سلسلہ چل رہا ہے عمران خان کی تقریر اس کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان کی پریس کانفرنس انتہائی قابل مذمت ہے۔

حیدر عباس رضوی نے کہا کہ عمران خان نے قائد تحریک الطاف حسین کے لئے نہایت نازیبا الفاظ استعمال کئے لیکن اس کے باوجود ہمارے کارکنوں نے انتہائی صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ دہشتگردی کیخلاف سیاسی جماعتوں اتفاق رائے پایا گیا لیکن تحریک انصاف قومی اتفاق رائے تباہ کر رہی ہے۔ عمران خان وزیراعظم محمد نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے دورہ کراچی سے قبل بدامنی چاہتے ہیں۔

عمران خان ملک میں سیاسی افراتفری چاہتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جس شخص نے ہمارے قائد پر الزامات عائد کئے خود اس کا کردار کیسا ہے وہ ساری دنیا کے سامنے ہے۔ نشہ آور ادویات کون استعمال کرتا ہے ساری دنیا جانتی ہے۔ عمران خان کے کارناموں کو پوری دنیا نے دیکھا ہے۔ ایم کیو ایم رہنماء نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف کالعدم دہشتگرد تنظیم طالبان کا سیاسی ونگ ہے۔

عمران خان یا تحریک انصاف کی جانب سے کبھی طالبان کیخلاف ایک بھی مذمتی لفظ ادا نہیں کیا گیا۔ حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ عمران فاروق قتل کیس ہمارے کسی رہنماء کیخلاف درج نہیں ہے۔ عمران خان خان صاحب نے سکاٹ لیں ڈ کو الیکشن ٹربیونل سمجھ رکھا ہے۔ وہ لندن جا کر اپنا شوق پورا کر لیں۔ دوسری جانب ایم کیو ایم نے الطاف حسین سے یوم اظہار یکجہتی منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ خالد مقبول صدیقی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ عمران خان کو پتہ نہیں کہ انہوں نے کس کو للکارا ہے۔ آج کراچی کے عوام بتائیں گے کہ انھیں اپنے قائد الطاف حسین سے کتنی محبت ہے۔ عمران خان جیسے لوگوں کے الفاظ الطاف حسین کی حرمت کو بھی نہیں پہنچ سکتے۔ کل ملک بھر میں عمران خان کے بیان کیخلاف احتجاج ہوگا۔