جی ایس پی پلس کے ثمرات پاکستانی عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، خرم دستگیر خان ،توانائی کی کمی اور دہشت گردی کے باوجود پاکستانی برآمدات کو استحکام ملاہے، پاک یورپی یونین معاشی تعاون کو مزید وسعت دیں گے، یورپی پارلیمنٹ کے چار رکنی وفد سے گفتگو

جمعرات 19 فروری 2015 09:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 19فروری۔2015ء)وفاقی وزیر تجارت انجنیئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس کے ثمرات پاکستانی عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں ،توانائی کی کمی اور دہشت گردی کے باوجود پاکستانی برآمدات کو استحکام ملاہے، پاک یورپی یونین معاشی تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔ان خیالات کا ظہار وفاقی وزیر نے یورپی پارلیمنٹ کے چار رکنی وفد سے ملا قات کے دوران کیا جس کی سربراہی ممبر پارلیمنٹ جین لیمبرٹ نے کی۔

اس موقع پر پاکستان میں متعین یورپی یونین کے سفیر اور یورپی یونین کے سیاسی وتجارتی کونسلر بھی موجود تھے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گیارہ ماہ میں جی ایس پی پلس کی بدولت پاکستان سے یورپی یونین کو برآمدات میں 1ارب 16کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ،برآمدات میں اضافے کی بدولت پاکستانی عوام میں یورپی یونین سے متعلق مثبت تاثر ابھرا ہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے ٹریٹی امپلیمنٹیشن سیل قائم کیا ہے تاکہ انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشنوں کی ملک کی تمام اکائیوں میں عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان میں مینوفیکچرنگ سیکٹر میں کام کرنے والی ورک فورس کے حالات خطے کی دوسری معیشتوں کی نسبت خاصے بہتر ہیں ۔پاکستانی برانڈز کی ترویج اور سرمایہ کاری کے حصول کیلئے عالی شان پاکستان نمائش یورپ کے مختلف اہم شہروں میں منعقد کریں گے۔ اس موقع پر سیکرٹری کامرس نے بتایا کہ انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس بورڈ کا پہلا اجلاس جلد ہی منعقد ہو گا جس میں انٹلیکچوئل پراپر ٹی سے متعلق متعدد معاملات پر فیصلے لئے جائیں گے۔

یورپی پارلیمنٹ کے ممبران نے اپنی گفتگو میں پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات مستحکم کرنے کیلئے وفاقی وزیر تجارت کی کاوشوں کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں تواتر سے جمہوری حکومتوں کا برسر اقتدار آنا انتہائی خوش آئند ہے ، پاکستانی عوام کی دہشت گردی کے خلاف جنگ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، پاکستان کو درپیش ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ملکر کام کریں گے۔

متعلقہ عنوان :