آصف علی زرداری کراچی سے دبئی روانہ ، لندن جائینگے،بلاول بھٹو زرداری کا آصف زرداری سے ٹیلیفونک رابطہ، پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت سے متعلق افواہیں جلد دم توڑ جائیں گی۔بلاول بھٹو

ہفتہ 21 فروری 2015 09:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 21فروری۔2015ء) سابق صدر آصف علی زرداری کراچی سے دبئی روانہ ہوگئے دبئی سے لندن جائینگے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق سابق صدر جمعہ کے روز کراچی سے دبئی روانہ ہوگئے جہاں وہ ایک دن قیام کے بعد آج لندن روانہ ہوں گے واضح رہے کہ مخدوم امین فہیم ، آغا سراج درانی اور دیگر رہنما پہلے سے لندن میں موجود ہیں صدر کی پارٹی رہنماؤں سے اہم امور پر مشاورت بھی ہوگی ۔

ادھرپاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ کہتے ہیں پارٹی قیادت سے متعلق افواہیں جلد دم توڑ جائیں گی۔بلاول بھٹو زرداری نے اپنے والد اور پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ٹیلی فون پر بات کی۔ دونوں کے درمیان ملکی سیاست، پارٹی کی صورتحال اور سینیٹ امیدواروں کے ناموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹ انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی کی امید کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت سے متعلق افواہیں جلد دم توڑ جائیں گی۔دوسری جانب ذرائع پیپلز پارٹی رہنما مخدوم امین فہیم کی بلاول بھٹو زرداری سے لندن میں ملاقات کی تردید کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مخدوم امین فہیم صرف علاج کے غرض سے لندن میں مقیم ہیں۔
؂