سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی تحقیقات ایماندارانہ طریقے سے نہیں کرائی گئی،فوج تحقیقات کرے؛ الطاف حسین نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے اپیل

اتوار 22 فروری 2015 09:56

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 22فروری۔2015ء) قائد متحدہ قومی موومنٹ الطاف حسین نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے پرزور اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج تک سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی تحقیقات ایماندارانہ طریقے سے نہیں کرائی گئی ۔ فوج کے تین اعلیٰ افسران پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم بنا کر سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی ایماندارانہ تحقیق کروائیں ۔ ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز لندن سے جاری بیان میں الطاف حسین نے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں دو سو پچاس سے زائد افراد آگ میں جھلس کر خاکستر ہوگئے مگر تاحال انکو انصاف نہیں فراہم کیا گیا سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں ملوث افراد کو فیکٹری کے سامنے سپیشل چوک بنا کر سرعام پھانسی دی جائے اور مجرموں کو نشان عبرت بنایا جائے الطاف حسین نے کہا کہ آرمی چیف فوج کے آفیسران پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیں جو تفتیش سے آرمی چیف کو بھی آگاہ کرتے رہیں سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی آج تک تحقیقاتی نہ ہوئی تین اعلیٰ افسروں سے تفتیش کرائی جائے سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی شفاف تحقیق نہ ہوئی تو دو سو پچاس محنت کشوں کے ساتھ ناانصافی ہوگی