وفاقی دارالحکومت اسلام آباد تھانہ آبپارہ کی حدود میں گھریلو تنازع کا ڈراپ سین، ایک گھر کے پانچ افراد قتل ،بیوی نے اپنے شوہر اور تین بیٹیوں کو فائرنگ سے قتل کرکے خو د بھی خود کشی کرلی، بیٹا خوش قسمتی سے بچ گیا ،تھانہ آبپارہ پولیس نے واقعہ کے بعد کرائم سین کو محفوظ کرلیا ، 11سالہ زخمی عبدالرفع کو گولی چھو کر گزری ہے زخم جلد بہتر ہوجائے گا تاہم بچے کے ذہن میں واقعہ کے حوالے سے شدید دباؤ ہے، تنویر افسر ملک، قتل ہونے والی تین بچیوں میں فضا کی عمر 5سال ،راحیلہ کی عمر 7سال ،عزا کی عمر 8سال،شاہدہ کوثر کی عمر 35سال جبکہ محمد فاروق خٹک کی عمر 42سال بتائی گئی

اتوار 22 فروری 2015 10:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 22فروری۔2015ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد تھانہ آبپارہ کی حدود میں گھریلو تنازع کا ڈراپ سین ایک گھر کے پانچ افراد قتل ہو گئے ،پٹرولیم کمپنی کے مینجر محمد فارو ق خٹک نے دو روز قبل بیوی کو طلاق دی ،رات دو بجے تک میاں بیوی کے درمیان موبائل پر مبینہ میسج آنے اور شک سے بات بڑھی تو گھر میں آئی ساس کوثر شاہین نے بات وقتی ختم کرادی ،صبح ناشتے پربچوں کو لیک ویو پارک لے جانے پر دوبار ہ بحث شروع ہوئی تو شاہدہ کوثر نے غصہ میں آکر پشتول نکال لیا اور شوہر محمد فاروق خٹک کو دو گولیاں ماریں جس کے بعد چھوٹی بچی فضا کوفائر مارا عبد الرفع نے ماں کو منع کیا کہ یہ کیا کررہی ہیں تو اس نے اس کو بھی ایک گولی ماری جو اس کے بائیں جانب کندھے پر لگی تاہم وہ بچ گیا اور بہانہ بناکر سانس روک لیا جس کے بعد خاتون نے دوسری دو بچیوں کو بھی فائر مارے اور بسم اللہ پڑھ کر خود کو بھی گولی ماری ۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے کو زخمی بچے عبدالرفع اور اہل محلہ سے حاصل معلومات کے مطابق بچے نے واقع کے بعد گھر سے باہر آکر پڑوسیوں کو بتایا جنہوں نے تھانہ آبپارہ پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی ۔ تھانہ آبپارہ پولیس نے واقعہ کے بعد کرائم سین کو محفوظ کرلیا جبکہ مقتول محمد فاروق خٹک کے بھائی کے موقع پر پہنچنے پر لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے پولی کلینک ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔

رشتہ داروں اوراہل محلہ کی خواتین کو مقتولین کا چہرہ نہ دیکھنے دیا گیا تاہم وہ بچیوں کے قتل پر روتی رہیں ۔ قتل ہونے والی تین بچیوں میں فضا کی عمر 5سال ،راحیلہ کی عمر 7سال ،عزا کی عمر 8سال ،شاہدہ کوثر کی عمر 35سال جبکہ محمد فاروق خٹک کی عمر 42سال بتائی جاتی ہے ۔ نیم سرکاری ادارے جی ایف ایل میں بطور مینجر کام کرنے والے محمد فاروق خٹک نے تھانہ آبپارہ کی حدود میں واقعہ سیکٹر جی سکس ون تھری گلی نمبر 51مکان نمبر 16کے اوپر والی منزل میں کرائے پر رہائش پذیر تھے ۔

ایم ایل سی پولی کلینک تنویر افسر ملک نے خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ 11سالہ زخمی عبدالرفع کو گولی چھو کر گزری ہے زخم جلد بہتر ہوجائے گا تاہم بچے کے ذہین میں واقعہ کے حوالے سے شدید دباؤ ہے ۔تھانہ آبپارہ کے مطابق میاں بیوی کے موبائل قبضہ میں لے کر واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں کہ موبائل میں میسج کس کے آئے تھے اور واقعہ سے قبل کس کو فون کیے گئے ۔ آئی جی اسلام آباد پولیس طاہر عالم خان نے موقع پر پہنچ کر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مقتول عورت کا نام غلط بتایا تاہم واقعہ کو گھریلو ناچاکی قرارد یا ہے ۔