نیشنل ایکشن پلان پر فوری عملدرآمد‘ وزیراعظم کا حکومت پنجاب کو خراج تحسین،دیگر صوبوں کو بھی نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے جلد موثراقدامات کرنے چاہئیں، وزیراعظم،وزیراعظم محمد نوازشریف نے اسلام آباد میں منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس میں حکومت پنجاب کی کارکردگی کو سراہا

منگل 24 فروری 2015 09:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 24فروری۔2015ء)وزیراعظم محمد نوازشریف نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکمت عملی وضع کرنے کے لئے اسلام آباد میں منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس میں حکومت پنجاب کی کارکردگی کو سراہا اور کہا ہے کہ دیگر صوبوں کو بھی نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے سلسلے میں حکومت پنجاب کے اقدامات کی تقلید کرتے ہوئے جلد موثر اقدامات کرنے چاہئیں۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے حکومت پنجاب نے فوری اور موثر اقدامات کئے ہیں اور اس ضمن میں بعض قوانین میں ضروری ترامیم کر کے سزاؤں کو مزید سخت بنایا گیا ہے۔ صوبہ پنجاب میں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اپیکس کمیٹی کے اجلاس بھی باقاعدگی سے منعقد ہو رہے ہیں جس میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لے کرضروری اقدامات کے احکامات جاری کئے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان دہشت گردی کے خلاف قومی قیادت کا متفقہ لائحہ عمل ہے جس پر عملدرآمد کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں جن کا خاتمہ پوری قوم کا متفقہ عزم ہے۔ انسداد دہشت گردی کے لئے صوبہ پنجاب میں تمام ممکنہ میسر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انشاء اللہ 18 کروڑ عوام کے اتحاد اور اتفاق کی قوت سے دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کا ملک سے صفایا کریں گے۔