تحریک انصاف اور حکومت سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے کیلئے ایک پیج پر ہیں،اسحاق ڈار ، دوسری جماعتوں سے بھی رابطے جاری ہیں تاکہ پانچ مارچ کو سینٹ الیکشن سے پہلے انتخابات کو شفاف ترین بنایا جاسکے،سینٹ الیکشن میں بیلٹ خفیہ نہ رکھنے کی تحریک انصاف کی تجویز پر غور کیا جائے گا ، حکومت جوڈیشل کمیشن خلوص دل سے بنانا چاہتی ہے ، معیشت میں بہتری کے حوالے سے قوم کو آج بہت بڑی خوشخبری ملے گی،وفاقی وزیر خز انہ کی جہانگیر ترین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو، پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے مشاورت کے بعد حکومت کی جانب سے پارلیمانی رہنماؤں کی دعوت میں شرکت کے حوالے سے آج فیصلہ کرینگے، جہانگیر ترین

جمعہ 27 فروری 2015 09:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 27فروری۔2015ء) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور حکومت سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے کیلئے ایک پیج پر ہیں اور دوسری جماعتوں سے بھی رابطے جاری ہیں تاکہ پانچ مارچ کو سینٹ الیکشن سے پہلے انتخابات کو شفاف ترین بنایا جاسکے ۔ سینٹ الیکشن میں بیلٹ خفیہ نہ رکھنے کی تحریک انصاف کی تجویز پر غور کیا جائے گا ، حکومت جوڈیشل کمیشن خلوص دل سے بنانا چاہتی ہے تاکہ تحریک انصاف جلد پارلیمنٹ میں آئے اور انتخابی اصلاحات کا عمل تیز ہو ، معیشت میں بہتری کے حوالے سے قوم کو آج بہت بڑی خوشخبری ملے گی جبکہ جہانگیر ترین نے کہا کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے مشاورت کے بعد حکومت کی جانب سے پارلیمانی رہنماؤں کی دعوت میں شرکت کے حوالے سے آج فیصلہ کرینگے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز وزیر خزانہ اسحاق ڈارنے سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کو روکنے اور جوڈیشل کمیشن کے قیام سمیت دیگر امور پر بات چیت کے لئے پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین سے ملاقات کی ملاقات میں حکومت کی جانب سے اٹارنی جنرل جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے بھی ملاقات کی ملاقات کے بعد اسحاق ڈار اور جہانگیر ترین نے میڈیا سے گفتگو بھی کی اس موقع پر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت سینٹ الیکشن کو شفاف بنانا چاہتی ہے اور اس پر تحریک انصاف کے ساتھ تمام ترامیم پر بات ہوئی ہے اور اتفاق بھی ہوا ہے کیونکہ حکومت ہارس ٹریڈنگ کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ چاہتی ہے اور اس وقت سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ عروج پر ہے لیکن خوشی کی بات ہے کہ تحریک انصاف کی سوچ ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے کیلئے ایک جیسی ہے ۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ارس ٹریڈنگ روکنے کیلئے حکومت مختلف سیاسی جماعتوں سے بھی رابطہ کررہی ہے تاکہ الیکشن کو شفاف ترین بنایا جاسکے اور حکومت کی پوری کوشش ہے کہ پانچ مارچ الیکشن ڈے سے پہلے انتخابات کو شفاف ترین بنایا جائے ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے سینٹ الیکشن میں بیلٹ خفیہ نہ رکھنے کی بھی تجویز سامنے آئی ہے جس پر حکومت سنجیدگی سے عمل درآمد کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اسی مسئلے کے حل کیلئے آج جمعہ کو تمام جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس بلایا ہے جس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو بھی شمولیت کی دعوت دی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن پر بھی شدید اختلافات تھے جو تقریباً ختم ہوچکے ہیں اور اس میں صرف تین نقطے باقی رہ گئے ہیں اگر دونوں طرف سے لچک دکھائی جائے تو معاملات حل ہوسکتے ہیں کیونکہ حکومت خلوص دل سے جوڈیشل کمیشن بنانا چاہتی ہے اور اب معاملے کے حل کیلئے جرگہ بھی متحریک ہوگیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت اکانومی انرجی اور دہشتگردی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے اور حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ ان مسائل پر قابو پایا جاسکے ۔ پاک فوج نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مثبت کردار ادا کیا ہے اور بہت جلد دہشتگردی جیسی لعنت سے چھٹکارا حاصل کرلیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت تحریک انصاف کو جلد پارلیمنٹ میں لانا چاہتی ہے تاکہ تحریک انصاف کی پارلیمنٹ میں واپسی سے انتخابی اصلاحات میں تیزی آئے ایک سوال کے جواب میں ا سحاق ڈار نے کہا کہ تحریک انصاف کی خیبر پختونخواہ کے حوالے سے دوبئی میں سرمایہ کاری کو سراہتے ہیں دوسرے صوبوں کو بھی اس پر کام کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر سولہ ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے ہیں جس میں گیارہ ارب کے ذخائر مرکزی بینک کے پاس ہیں مسلم لیگ (ن) کی حکومت آنے کے بعد معیشت میں بہتری آنے سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ گیا ہے جبکہ اسحاق ڈار نے معیشت کے حوالے سے قوم کو آج بہت بڑی خوشخبری سنانے کا بھی اعلان کیا ہے جبکہ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ جیسی لعنت او ر بدنما دھبے سے بچنا چاہیے اور اس کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کئے جائیں کیونکہ سیاسی رہنماؤں کی جانب سے ہارس ٹریڈنگ ایک گھناؤنا فعل ہے جبکہ جہانگیر ترین نے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کیلئے اعلیٰ قیادت کی مشاورت سے مشروط کردی ۔