حکمران گلگت بلتستان کے بارے میں آگاہ نہیں ہیں ، ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے بلدیاتی انتخابات نہ کرانیکی کوشش کی ہے ، دونوں جماعتوں نے باری باری قوم کو لوٹنے کا تہیہ کررکھا ہے،بلدیاتی انتخابات کے بغیر جمہوریت ممکن نہیں ہے ، تحریک انصاف کی صورت میں قوم کو ایک آسرا ملا ہے ،بلوچستان میں امن وامان کے حوالے سے اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں لیکن خیبر پختونخواہ کو فنڈز مہیا نہیں کئے جارہے ہیں ، سینٹ انتخابات میں خیبر پختونخواہ کے ایم پی ایز کو ضمیر بیچنے کیلئے کروڑوں روپے کی لالچ دی گئی لیکن انہوں نے ضمیر نہیں بیچا ، سینٹ میں پیسوں کی بندر بانٹ ختم ہونی چاہیے ، گلگت بلتستان پارٹی کنونشن سے خطاب

اتوار 8 مارچ 2015 10:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 مارچ۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکمران گلگت بلتستان کے بارے میں آگاہ نہیں ہیں ، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے بلدیاتی انتخابات کو نہ کرانے کی کوشش کی ہے ، دونوں جماعتوں نے باری باری قوم کو لوٹنے کا تہیہ کررکھا ہے،بلدیاتی انتخابات کے بغیر جمہوریت ممکن نہیں ہے ، تحریک انصاف کی صورت میں قوم کو ایک آسرا ملا ہے ،بلوچستان میں امن وامان کے حوالے سے اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں لیکن خیبر پختونخواہ کو فنڈز مہیا نہیں کئے جارہے ہیں ، سینٹ انتخابات میں خیبر پختونخواہ کے ایم پی ایز کو ضمیر بیچنے کیلئے کروڑوں روپے کی لالچ دی گئی لیکن انہوں نے ضمیر نہیں بیچا ، سینٹ میں پیسوں کی بندر بانٹ ختم ہونی چاہیے ، ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد میں گلگت بلتستان پارٹی کنونشن کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں سمیت تمام سیاسی رہنماؤں کو گلگت بلتستان کے بارے میں پتہ نہیں کہ گلگت بلتستان کیا چیز ہے عمران خان نے کہا کہ پندرہ سال کی عمر میں پہلی مرتبہ گلگت بلتستان گیا جہاں وہاں پر قراقرم ہائی وے بھی نہیں بنی تھی گلگت بلتستان دنیا کا سب سے خوبصورت جگہ ہے لیکن موجودہ حکومت نے وہاں پر غیر قانونی عبوری حکومت قائم کردی عبوری حکومت کیخلاف کھڑا ہونا ہوگا تحریک انصاف عوام کی توجہ قومی مسائل کی طرف دلا رہی ہے عمران خان نے کہا کہ سینٹ انتخابات میں بندر بانٹ کی گئی اور سینٹ میں پیسوں کو کھلے عام چلایا گیا ۔

سینٹ انتخابات میں خیبر پختونخواہ کے ایم پی ایز کو کروڑوں روپے کی لالچ دی گئی لیکن انہوں نے غیرت کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ضمیر فروشی نہیں کی ۔ حالانکہ خیبر پختونخواہ کے اراکین نے زندگی میں ایک کروڑ اکٹھا نہیں دیکھا تھا انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے امن وامان کے حوالے سے حکومت اربوں روپے خرچ کررہی ہے لیکن خیبر پختونخواہ میں بھی بدامنی ہے لیکن وہاں پر فنڈز نہیں دیئے جاتے کیونکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک ایک شریف آدمی ہیں اگر میں ان کی جگہ ہوتا تو وفاق سے زبردستی فنڈز حاصل کرتا عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی صورت میں قوم کو ایک آسرا ملا ہے کیونکہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے باری باری قوم کو لوٹنے کا تہیہ کررکھا تھا دونوں جماعتوں نے دانستہ طور پر بھی بلدیاتی انتخابات نہیں کروائے حالانکہ اس کے بغیر جموریت ممکن نہیں ہے اور جمہوریت پرامن انتقال اقتدار کا نام ہے جبکہ عمران خان نے پاکستان کی ساؤتھ افریقہ کیخلاف ناقابل یقینی فتح پر ٹیم سمیت پوری قوم کو مبارکباد دی ہے اور کہا کہ 1992ء ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کی رفتار سست تھی لیکن پھر بھی پاکستان ورلڈ کپ جیت گیا مصباح الیون کیلئے دعا گو ہیں کہ پاکستان کا نام روشن کرکے ورلڈ کپ اپنے ملک لے آئیں ۔

شاہ محمود قریشی نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف آج بھی 2013ء انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے مطالبے پر قائم ہے دوسری جماعتوں کے لوگ تیزی سے تحریک انصاف میں شمولیت حاصل کررہے ہیں جو کہ تحریک انصاف کیلئے بڑی کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو آگاہی دینے کیلئے مسائل پر توجہ دلانے کی کوشش کررہے ہیں گلگت بلتستان میں الیکشن کیلئے مناسب ماحول ہے اور گلگت میں تحریک انصاف کو پذیرائی مل رہی ہے سینٹ انتخابات میں پیسے کا استعمال کیا گیا جو کہ شفافیت کے غیر متقاضی ہے سینٹ میں ہونے والی بندر بانٹ کو بند ہونا چاہیے اور اس کے لئے خصوصی اقدامات کئے جانے چاہیں ۔