اگر حکومت جوڈیشل کمیشن بنا دے تو چیئرمین سینیٹ کیلئے ووٹ دینے کیلئے تیار ہیں ، جمہوریت کو دھاندلی سے خطرہ ہے ، جوڈیشل کمیشن بنوا کے رہوں گا، (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی نے ملک کو تباہ کردیا ، سینیٹ انتخابات میں بھرپور پیسہ لگایا گیا ، کے پی کے میں ہارس ٹریڈنگ نہ ہونے پر اراکین کو سلام پیش کرتا ہوں،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو

پیر 9 مارچ 2015 10:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 مارچ۔2015ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر حکومت جوڈیشل کمیشن بنا دے تو چیئرمین سینیٹ کیلئے ووٹ دیدیں گے ، جمہوریت کو دھاندلی سے خطرہ ہے ، جوڈیشل کمیشن بنوا کے رہوں گا، (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی نے ملک کو تباہ کردیا ، سینیٹ انتخابات میں بھرپور پیسہ لگایا گیا ، کے پی کے میں ہارس ٹریڈنگ نہ ہونے پر اراکین کو سلام پیش کرتا ہوں ۔

اتوار کو نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں عمران خان نے کہاکہ سینیٹ انتخابات میں بھرپور انداز میں پیسہ لگایا ، ہمیں بھی کروڑوں کی پیشکش کی گئی ، کے پی کے میں ہم نے پہلی بار پیسہ نہیں چلنے دیا ۔ چیئرمین سینیٹ کیلئے ووٹ دینے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے کیا کیا ہے کہ میں انہیں ووٹ دوں ، اگر حکومت جوڈیشل کمیشن بنا دیتی ہے اور ملک کو کوئی فائدہ ہوتا ہے تو سینیٹ کے چیئرمین کیلئے ووٹ دینے کیلئے تیار ہوں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تباہی کی وجہ اخلاقیات کی کمی ہے ۔ (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی نے ملک کو تباہ کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ سینیٹ انتخابات پر بہت پیسہ لگایا گیا ، کے پی کے میں ہار س ٹریڈنگ نہ ہونے پر سلام پیش کرتا ہوں ، پاکستان میں اچھے اور برے کی پہچان ختم کردی گئی ہے عمران خان نے کہا کہ 2013 کے الیکشن میں سب سے بڑا فراڈ ہوا ثابت کرکے رہوں گا ، جوڈیشل کمیشن بنوا کے رہوں گا ، جمہوریت کو دھاندلی سے خطرہ ہے۔