سینٹ میں چیئرمین کے عہدے کے لئے پی پی پی کے سینیٹر رضا ربانی کی حمایت کر رہے ہیں،چوہدری شجاعت،پاکستان کے لئے کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ چلنے کے لئے تیار ہیں،میڈیا سے گفتگو

بدھ 11 مارچ 2015 09:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 مارچ۔2015ء) مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ہم سینٹ میں چیئرمین کے عہدے کے لئے پی پی پی کے سینیٹر رضا ربانی کی حمایت کر رہے ہیں اور پاکستان کے لئے کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ چلنے کے لئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

منگل کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ سے رابطے ہوئے ہیں انہوں نے ہمیں اپنے امیدوار کی حمایت کے لئے کہا تھا مگر ہم نے کہا کہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار رضا ربانی کی حمایت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت ہر معاملے میں تاخیر سے کام لیتی ہے اس لئے ان کے لئے دوا کے بجائے دعا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نواز شریف کی طرف سے ظہرانے کی دعوت میں شریک نہیں ہو رہے کیونکہ یہ سیاسی کانفرنس نہیں ہے بلکہ ان کی اپنی دعوت ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ ہم چلنے کے لئے تیار ہیں ہم ملک کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کے ساتھ مفاہمت ہو سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :