لندن ،آصف زرداری اورالطا ف حسین کے مابین فون پر گفتگو ، الطاف حسین نے آصف زرداری کواپنی رہائش گاہ سمیت ایم کیوایم کے مرکزی دفترنائن زیرواوراپنی ہمشیرہ کے گھرپر رینجرز کے چھاپے کی تفصیلات سے آگاہ کیا، سینیٹر رحمان ملک کی بھی ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے ٹیلی فون پر گفتگو ،الطاف حسین کی رہائش گاہ، ان کی ہمشیرہ کے گھر اورمرکزی دفتر نائن زیرو پر رینجرز کے چھاپوں، توڑپھوڑ اور خواتین سے توہین آمیز سلوک کی شدید الفاظ میں مذمت

جمعرات 12 مارچ 2015 09:26

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 مارچ۔2015ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اورسابق صدرمملکت آصف علی زرداری اورایم کیوایم کے قائد الطا ف حسین کے مابین بدھ کے روز فون پر گفتگو ہوئی ۔ الطاف حسین نے آصف زرداری کواپنی رہائش گاہ سمیت ایم کیوایم کے مرکزی دفترنائن زیروپر کے مختلف شعبہ جات اوراپنی ہمشیرہ کے گھرپر رینجرز کے چھاپے،توڑپھوڑ ، ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان اورکارکنوں کی گرفتاریوں اوررینجرزاہلکاروں کی فائرنگ سے جواں سال کارکن وقاص شاہ کی شہادت کے واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

الطاف حسین نے آصف علی زرداری سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم قیام امن کیلئے کوشاں ہے اورآج اس کے مرکزپرجس طرح چھاپہ ماراگیاہے ، جس طرح عہدیداروں اورکارکنوں کوگرفتارکیاگیااورتوڑپھوڑ کی گئی ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

آصف زرداری نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروپر رینجرز کے چھاپے کی مذمت کی اورکہاکہ سیاسی جماعتوں کے دفاترکے تقدس کا احترام ہرایک کوکرناچاہیے ۔

ایم کیوایم ملک کی ایک بڑی عوامی سیاسی جماعت ہے جوملک میں جمہوریت کے استحکام کیلئے ایک مثالی کرداراداکررہی ہے اور اس کے مرکزپر چھاپہ کی کارروائی افسوسناک ہے ۔ آصف علی زرداری نے الطاف حسین کی بڑی ہمشیرہ محترمہ سائرہ اسلم کی رہائش گاہ پر بھی رینجرز کے چھاپے، توڑپھوڑاورگھرمیں موجودخواتین کے ساتھ غلیظ زبان کے استعمال اوران کے ساتھ توہین آمیزسلوک کی پر شدیدافسوس کیا۔

آصف علی زرداری نے الطاف حسین کویقین دلایاپیپلزپارٹی اورایم کیوایم ہرقسم کے حالات میں جمہوریت کی بقاء کے لئے باہمی تعاون اوربہتر تعلقات کوبرقراررکھیں گی ۔ ادھر پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین کی رہائش گاہ، ان کی ہمشیرہ محترمہ سائرہ اسلم کے گھر اورایم کیوایم کے مرکزی دفتر نائن زیرو کے مختلف شعبہ جات پر رینجرز کے چھاپوں، توڑپھوڑ اور خواتین سے توہین آمیز سلوک کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔

اس موقع پر الطاف حسین نے سینیٹر رحمان ملک کو اپنی رہائش گاہ ، ایم کیوایم کے مرکزی دفتراور اپنی ہمشیرہ کے گھرپر رینجرز کی کارروائی اور ایم کیوایم کے جواں سال کارکن وقاص علی شاہ کی شہادت کے واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کے قائدین کے گھروں اور ان کے مرکزی دفاتر کے تقدس واحترام کا سب کو خیال رکھنا چاہیے، ایم کیوایم عوام کی منتخب نمائندہ جماعت ہے، جو ملک میں قیام امن اور جمہوریت کے فروغ کیلئے بھرپورکردارادا کررہی ہے اور ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپہ قابل مذمت ہے ۔

رحمان ملک نے ایم کیوایم کے جواں سال کارکن وقاص علی شاہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ۔ الطاف حسین نے اپنی بڑی ہمشیرہ محترمہ سائرہ اسلم کے گھر پر رینجرز کے چھاپے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ تمام مذاہب میں خواتین کے تقدس کا درس دیاجاتا ہے اور کوئی غیرت مند خواتین کو بٹوں سے تشدد کا نشانہ بنانا تو کجا ان پر ہاتھ تک اٹھانے کا تصور نہیں کرسکتا۔ الطاف حسین نے اظہاریکجہتی پر سینیٹر رحمان ملک کا شکریہ اداکیا ۔