کراچی ، اورنگی ٹاؤن میں ہوٹل کے قریب دھما کہ، ایک شخص جاں بحق ، 12افراد زخمی

اتوار 15 مارچ 2015 08:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 مارچ۔2015ء)کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ہوٹل کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 12افراد زخمی ہوگئے،6افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جبکہ نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ کے واقعہ میں رینجرز کا انسپکٹر زخمی ہو گیا۔تفصیلا ت کے مطابق ہفتہ کی شب کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر12میں واقع بلوچ ہوٹل کے قریب لگے برگر کے ٹھیلے پر زور دار دھماکہ ہوا دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا واقع کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز موقع پر پہنچ گئی ،دھماکے کے نتیجے میں12افراد زخمی ہو گئے ،واقعہ کے بعد امدادی اداروں کی ایمبولینسوں کو طلب کر کے زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔

(جاری ہے)

دھماکے میں جاں بحق شخص کی شناخت شکیل صدیقی کے نام سے ہوئی ہے جبکہ آخری اطلاعات آنے تک دیگر زخمیوں کو طبی امدا د فراہم کی جا رہی تھی ۔پولیس کے مطابق ہوٹل کے قریب ٹھیلے پر دھماکہ اس وقت ہوا جب لوگوں کو رش لگا ہوا تھا دھماکے کے بعد افراتفری مچ گئی اور لوگ خوف کے عالم میں بھاگتے دیکھے گئے ۔پولیس کے مطابق واقعہ کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کیا گیا ہے جس کے بعد ہی اس دھماکے کی نوعیت کا پتہ لگایا جا سکے گا کہ دھماکہ دستی بم کا تھا یاٹائم ڈیوائس کے ذریعے دھماکہ کیا گیا۔

پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کر رہی ہے ،ایس پی اورنگی کے مطابق ابتدائی طور پر دھماکا دستی بم حملہ یا سلنڈر پھٹنے کا لگتا ہے کیونکہ دھماکے کی جگہ نہ گڑھا پڑا اور نہ ہی بال بیئرنگ ملے ہیں ۔دوسری جانب شاہراہ نور جہاں تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی کے قریب فائرنگ سے رینجرز کا انسپکٹرچوہدری نثار زخمی ہو گیا جسے فوری طبی امدا د کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا ۔ علاقہ پولیس کے مطابق ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے

متعلقہ عنوان :