بلدیاتی الیکشن ہو جاتے تو لوگوں کے مسائل بھی حل ہو چکے ہوتے ،عمران خان ،مجھے خوشی ہے کہ عوام اپنے حقوق کی خاطر اٹھ کھڑے ہوئے ہیں،ہمارے دھرنے کا مقصد بھی یہی تھا کہ لوگ حق کی خاطر اٹھ کھڑے ہوں،کرک کے عوام کے جائز مطالبات پور ے کریں گے،کرک میں بڑے بڑے لوگ چوری میں ملوث ہیں صوبائی حکومت کے خلاف کارروائی کرے،سربراہ تحریک انصاف کا کرک کے احتجاجی مظاہرین سے خطاب

بدھ 18 مارچ 2015 09:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 مارچ۔2015ء)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن ہو جاتے تو لوگوں کے مسائل بھی حل ہو چکے ہوتے ،مجھے خوشی ہے کہ عوام اپنے حقوق کی خاطر اٹھ کھڑے ہوئے ہیں،ہمارے دھرنے کا مقصد بھی یہی تھا کہ لوگ حق کی خاطر اٹھ کھڑے ہوں،کرک کے عوام کے جائز مطالبات پور ے کریں گے،کرک میں بڑے بڑے لوگ چوری میں ملوث ہیں صوبائی حکومت کے خلاف کارروائی کرے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرک سے آئے ہوئے احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

عمران خان نے کہا ہے کہ رائلٹی فنڈز کے استعمال کا فیصلہ کرنا ارکان اسمبلی کا کام نہیں بلکہ بلدیاتی نمائندوں کا کام ہوتا ہے ،آج بلدیاتی انتخابات ہو چکے ہوتے تو کرک کے لوگوں کو یہاں آنے کی ضرورت نہ ہوتی ،آج میں کرک کے لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں جو اپنے حقوق کے لئے کھڑے ہو گئے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ہم دھرنا اس لئے دیا تھا کہ لوگ اپنے حقوق کے لئے کھڑے ہوں ،مجھے خوشی ہے کہ ہمارے دھرنوں میں عوام کو اپنے حقوق کیلئے آواز اٹھانے کا شعور دیا ،یونیورسٹی ،پانی ،گیس کرک کی عوام کا حق ہے اور ان کے یہ مطالبات جائزہ ہیں ان کو حل کرنے کے لئے ہفتہ کے روز کرک میں اجلاس بلایا ہے جس میں وزیراعلیٰ پرویزخٹک اور کرک کے چار نمائندے موجود ہوں گے،اجلاس میں کرک کے مسائل کو تفصیلی سنیں گے اورحل بھی کریں گے ،انہوں نے کہاکہ مطالبات کے لئے صرف چار لوگ اسلام آباد جاتے تو میں ان کی بات مان لیتا،اتنے لوگوں کا کرک سے لے آنا تکلیف ہے ،انہوں نے کہا کہ اگر آپ لوگوں کے جائز مطالبات ہیں تو صرف4 لوگوں سے سن کر انصاف دلا سکتا،اگر آپ کے مطالبات جائز نہیں تو ساراکرک بھی ادھر آجاتا تو میں ان کے مسائل حل نہیں کر سکتا ،انہوں نے کہا کہ ہمارا صرف انصاف کرنا ہے اور کرک کی عوام کو انصاف ضرور ملے گا،انہوں نے کہا کہ جون میں بلدیاتی انتخاب ہورہے ہیں اس سے کرک کے عوام کے مسائل حل ہو جائیں گے اور کرک کی عوام کے منتخب نمائندے کرک کے ڈھائی ارب رائلٹی کے فنڈز کا فیصلہ کریں گے کہ انہوں نے یہ پیسہ کہاں خرچ کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرک میں بڑے بڑے لوگ گیس چوری کررہے ہیں جس کی وجہ سے عام شہریوں کو گیس کی سہولت میسر نہیں ،انہوں نے کہا کہ ان چوروں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے اور اس گیس چوری سے بچنے والی رقم کو کرک کی عوام پر خرچ کریں گے ۔