ملک میں مردم شماری اور خانہ شماری کرانے کے لئے شماریات ڈویژن نے تیاریاں شروع،مردم شماری کے لئے دنیا بھر میں رائج جدید طریقوں کو استعمال کرنے کا فیصلہ

جمعہ 20 مارچ 2015 08:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 مارچ۔2015ء) ملک میں مردم شماری اور خانہ شماری کرانے کے لئے شماریات ڈویژن نے تیاریاں شروع کر دیں ،مردم شماری کے لئے دنیا بھر میں رائج جدید طریقوں کو استعمال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا،وزارت خزانہ نے شماریات کے افسران سے مردم شماری کے حوالے سے تفصیلی منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کر دی مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں ملک میں چھٹی مردم شماری اور خانہ شماری کرانے کی منظوری کے بعد شماریات ڈویژن نے بھی اس سلسلے میں تیاریاں شروع کر دی ہے ملک میں 17سال بعد مردم شماری کرانے کے بارے میں چاروں صوبوں سے بھی تجاؤیز لی جائیں گی اور انہی تجاؤیز کی روشنی میں مردم شماری اور خانہ شماری کرانے کا منصوبہ تیار کیا جائے گا ادارہ شماریات کے ذرائع کے مطابق مردم شماری اور خانہ شماری کرانے کیلئے دنیا بھر میں رائج جدید طریقوں کو اپنانے کے بارے میں بھی غور کیا جائے گاتاکہ صوبوں کو پہلے کی طرح مردم شماری اور خانہ شماری پر پائے جانے والے شکوک و شبہات کا دور کیا جاسکے ذرائع کے مطابق ملکبھر میں مردم شماری اور خانہ شماری کے لئے نادرہ حکام سے بھی مدد لینے کا امکان ہے جبکہ حساس علاقوں میں فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مردم شماری کرانے میں حکومت کا ساتھ دیں اس سلسلے میں فوجی حکام سے بھی رابطے کئے جا رہے ہیں مردم شماری اور خانہ شماری کے حوالے سے ادارہ شماریات کے ڈائریکٹر جنرل محمد بشیر جنجوعہ نے بتایا کہ ہم ملک میں مردم شماری اور خانہ شماری کرانے کے لئے مکمل طورپر تیار ہیں اور حکومت کی جانب سے مردم شماری کے حوالے سے ہدایات موصول ہونے کے بعد اس پر مذید کام کیا جائے گا انہوں نے بتایاکہ ہماری کوشش ہوگی کہ مردم شماری کرانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کریں تاہم یہ ابھی قبل از وقت ہے اس سلسلے میں تمام سٹیک ہولڈروں سے بات چیت کے بعد متفقہ لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :