کراچی، دھماکے میں شہید 2رینجرز اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا،سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،لیفٹنٹ جنرل نوید مختار ،ہرقسم کی قربانی دے کر کراچی سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے،کور کمانڈر کراچی

اتوار 22 مارچ 2015 10:12

کراچی )اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22 مارچ۔2015ء )کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں رینجرز کی موبائل پر خود کش حملے میں شہید ہونیوالے اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ایسی کارروئیاں رینجرز کو اپنے مقاصد کے حصول سے نہیں روک سکتیں۔کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں گذشتہ روز رینجرز کی موبائل وین پر خودکش حملے میں شہید دو اہلکاروں کی نماز جنازہ رینجرز ٹریننگ سینٹر ٹول پلازہ میں ادا کی گئی جس میں ڈی جی رینجرز ،کورکمانڈر کراچی نوید مختار اور رینجرز اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

نماز جنازہ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کور کمانڈر کراچی لیفٹنٹ جنرل نوید مختار نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ شہر میں قیام امن اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے ہر قسم کی قربانی دیں گے اور ناسور دہشت گردی کا خاتمہ کر کے رہیں گے۔

(جاری ہے)

کورکمانڈر کراچی کا کہنا تھا کہ دونوں جوانوں نے قوم کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کیا جن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور شہر میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

رینجرز کی موبائل کو معمول کے گشت کے دوران شاہراہ نور جہاں پر نشانہ بنایا گیا تھا۔ آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 5 سے 6 کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ دھماکے میں زخمی دو رینجرز اہلکار وں اور ایک راہ گیر خاتون کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں آئی جی سندھ ،کراچی پولیس چیف اور ایم کیوایم کے وفد نے زخمیوں کی عیادت کی۔ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ حملہ رینجرز کی شہر میں جاری کارروائیوں کا رد عمل ہے۔

متعلقہ عنوان :