ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے ، صدر،وزیر اعظم ، اپنے باہمی اختلافات پس پشت رکھتے ہوئے ہمیں ملک دشمن عناصر کے خلاف متحد ہو جانا چاہئے،ملک دشمن عناصر پاکستان کی بقاء اور سالمیت کے خلاف برسر پیکار ہیں ،تمام سیاسی جماعتیں اور قوم افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،پاکستان کو بیرونی خطرات بھی لاحق ہیں جن کا جوانمردی سے مقابلہ کرنا ہوگا، یوم پاکستان کے موقع پر علیحدہ علیحدہ پیغامات

پیر 23 مارچ 2015 08:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 مارچ۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم محمد نوازشریف نے ملک سے دہشت گردی وانتہا پسندی کے خاتمے کا عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے باہمی اختلافات کو پس پشت رکھتے ہوئے ہمیں ملک دشمن عناصر کے خلاف متحد ہو جانا چاہئے،ملک دشمن عناصر پاکستان کی بقاء اور سالمیت کے خلاف برسر پیکار ہیں ،تمام سیاسی جماعتیں اور قوم افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،پاکستان کو بیرونی خطرات بھی لاحق ہیں جن کا جوانمردی سے مقابلہ کرنا ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار صدر ،وزیر اعظم نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کیا۔ صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ 23 مارچ کا دن ہمیں اس تاریخی موقع کی یاد دلاتا ہے جب مسلمانان برصغیر نے ایک ایسی آزاد ریاست کے حصول کے لئے جدوجہد کا آغاز کیا جہاں انصاف و برابری کے اصول کار فرما ہوں۔

(جاری ہے)

آج سے 75 سال پہلے ہمارے عظیم مفکرین اور سیاسی رہنماؤں نے ایک آزاد ریاست کے لئے جدوجہد کا آغاز کیا۔

قائد اعظم اس بات کا احساس رکھتے تھے کہ آزادی‘ برابری اور سماجی انصاف جنوبی ایشیاء کے ہر مسلمان کا حق ہے۔ حصول پاکستان کے خواب کو پایہ تکمیل پہنچانے کے لئے لاکھوں لوگوں نے اپنی جانوں کی قربانی پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی موقع کی مناسبت سے میں تمام پاکستانیوں سے کہنا چاہوں گا کہ وہ اقوام عالم میں پاکستان کی سربلندی کے لئے اپنے مصمم عزم کا اعادہ کریں۔

آج ہمیں مختلف مسکلات اور چیلنجز کا سامنا ہے۔ آج دہشت گرد اور انتہا پسند ہمارے بچوں‘ خواتین‘ شہریوں اور افواج کو نشانہ بناتے ہیں۔ حتی کہ ہمارے سکول اور مساجد پر بھی حملے کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اس عظیم جدوجہد اور جذبے کی یاد دلاتا ہے جس کے نتیجے میں یہ وطن معرض وجود میں آیا آج پاکستان کو اسی جوش و جذبے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ آج ضرورت ہے کہ ہم اپنے باہمی اختلافات کو پس پشت رکھتے ہوئے ہم ملک دشمن عناصر کے خلاف متحد ہو جائیں اور ایسے معاشرے کے قیام کے لئے جدوجہد کریں جہاں ہم آہنگی‘ برداشت‘ امن‘ خوشحالی کا راج ہو اور جہاں لوگ امن سے رہ سکیں اور اپنی ترقی کا سفر طے کر سکیں۔

دریں اثناء وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہاہے کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کی بقاء اور سالمیت کے خلاف برسر پیکار ہیں ،تمام سیاسی جماعتیں اور قوم افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کا عزم کیا ہے اور اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔زیر اعظم پاکستان نے کہا کہ75سال قبل برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک علیحدہ وطن کے حصول کا عزم کیا ۔

ان کے محبوب رہنماؤں نے اعلان کیا کہ مسلمان ہر اعتبار سے علیحدہ قوم ہیں ۔ قائد اعظم کی رہنمائی میں مسلمانوں نے ایک ایسی ریاست کے حصول کی جدو جہد کی جس میں سماجی انصاف ، برابری اور اخوت کا نظام رائج ہو ۔ مسلمان قائدا عظم کی ولولہ انگیز قیادت میں علیحدہ مملکت کے حصول میں کامیاب ہوئے ۔ قائداعظم نے مسلمانوں کو علیحدہ وطن دلا کر آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ کیا ۔

آج 75سال بعد قائد کا پاکستان مختلف مشکلات کا شکار ہے ۔ پاکستان کے پرامن لوگ دہشت گردی اور انتہا پسندی کا سامنا کررہے ہیں ۔ پاکستان کو بیرونی خطرات بھی لاحق ہیں جن کا جوانمردی سے مقابلہ کرنا ہوگا ۔ ملک دشمن عناصر پاکستان کی بقاء کے خلاف برسر بیکار ہیں ۔ قوم ان ملک دشمن عناصر کو ان کے منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کئے ہوئے ہے ۔ پوری قوم امن ، یکجہتی اور سماجی انصاف کے اصولوں پر کاربند ہونے کا عزم صمیم کئے ہوئے ہے ۔

مجھے پورا یقین ہے کہ اخوت و بھائی چارے پر مبنی معاشرہ ہمیشہ قائم رہے گا ۔ مجھے کامل بھروسہ ہے کہ وطن عزیز کو کوئی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی ۔ ہماری بہادر فوج ، اپنے جذبہ حب الوطنی اور پیشہ ورانہ مہارت سے وطن عزیز کو درپیش خطرات سے نمٹنے میں کامیاب ہوگی ۔تمام سیاسی جماعتیں اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ اللہ کے فضل سے ہم تاریخ کے اس مشکل دور سے گزر کر ایک مضبوط ملک کے طور پر ابھریں گے اور انشااللہ ہماری کوشش بار آور ثابت ہوں گی اور ہم ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کردینگے ۔

میں دوبارہ اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ پاکستان میں رہنے والے مختلف طبقات کے درمیان مکمل ، ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا کو پروان چڑھانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :