سعودی عرب پاکستان کااچھا دوست ،ہمیں ہر محاذ پر اس کی مدد کرنی چاہئے،مولانا فضل الرحمن،سعودی عرب کے حوالے سے جو بھی فیصلہ ہو وہ تھرو پراپر چینل ہونا چاہئے۔ فوج بھیجنے یا نہ بھیجنے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ،میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 28 مارچ 2015 02:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 مارچ۔2015ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰا ن نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کا بہت اچھا دوست ہے اور ہمیں ہر محاذ پر اس کی مدد کرنی چاہئے‘ پاکستانی فوج بھیجنے کا ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا بہت اچھا دوست ہے اور ہم ہر محاذ پر اس کی مدد کرنے کے لئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میری تجویز ہے کہ سعودی عرب کے مسئلہ پر تمام سیاسی جماعتوں‘ اسٹیبلشمنٹ اور فارن آفس کی مشاورت شامل ہونی چاہئے اور سعودی عرب کے حوالے سے جو بھی فیصلہ ہو وہ تھرو پراپر چینل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ابھی فوج بھیجنے یا نہ بھیجنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امریکہ شیعہ سنی کو لڑانا چاہتا ہے اس سے نہ صرف اسلامی دنیا بلکہ پوری دنیا پر منفی اثرات مرتب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر صورتحال سے یہ لگتا ہے کہ آگے عالمی جنگ کا خطرہ نظر آ رہا ہے اور اس سلسلہ میں دنیا کو اتحاد کرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :