حافظ سعید کی زیر صدارت مختلف جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس‘ سرزمین حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے ملک گیر تحریک چلانے کا فیصلہ ، ”پاسبان حرمین شریفین“ کے نام سے مشترکہ فورم تشکیل ،سعودی عرب کی حمایت میں جلسوں، کانفرنسوں، مظاہروں اورسیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا

جمعہ 3 اپریل 2015 07:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 اپریل۔2015ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کی زیر صدارت مختلف جماعتوں کے رہنماؤں کا ایک اجلاس ہو اجس میں سرزمین حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے ملک گیر تحریک چلانے کا فیصلہ کیا گیا اور ”پاسبان حرمین شریفین“ کے نام سے ایک مشترکہ فورم تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت پانچوں صوبوں وآزاد کشمیر میں سعودی عرب کی حمایت میں جلسوں، کانفرنسوں، مظاہروں اورسیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔

آج جمعہ کولاہور، اسلام آباد،ملتان، پشاور،حیدر آبادسمیت پورے ملک میں سعودی عرب کی حمایت میں مظاہرے کئے جائیں گے۔ لاہور میں نماز جمعہ کے بعد چوبرجی چوک میں بڑا پروگرام ہو گا۔جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں جماعةالدعوة سمیت تحریک تحفظ قبلہ اول، تحریک آزاد ی کشمیر، پاکستان واٹر موومنٹ، المحمدیہ سٹوڈنٹس و دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ تحفظ حرمین الشریفین کیلئے ملک بھر کی دینی و سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے گااور صلیبیوں ویہودیوں کی سعودی عرب کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشوں سے مسلمانوں کو آگاہ کیاجائے گا۔ امیر جماعةالدعوة حافظ محمد سعید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے روحانی مرکز کو نقصانات سے دوچار کرنے کیلئے یمن کی سرزمین کو استعمال کیاجارہا ہے۔

سیاسی و عسکری قیادت کی جانب سے سعودی عرب کی سلامتی و استحکام کیلئے ہرممکن مدد کا فیصلہ لائق تحسین اور پوری قوم کی امنگوں کا ترجمان ہے۔ برادر اسلامی ملک نے پاکستان کو اندرونی و بیرونی سازشوں پرقابو پانے سمیت ہر مشکل وقت میں وطن عزیز پاکستان کی مدد کا حق ادا کیا ہے اس لئے ان حالات میں کہ جب سرزمین حرمین الشریفین کوخطرات لاحق ہیں حکومت کو ان کی بھرپور مدد کا فریضہ سرانجام دینا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ مکہ اور مدینہ کی سرزمین سعودی عرب کا تحفظ ہر مسلمان اپنے ایمان کا حصہ سمجھتا ہے۔صلیبیوں و یہودیوں کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے مسلمان ہر قسم کی قربانی پیش کرنے کیلئے تیار ہیں۔مسلمانوں کے روحانی مرکز کے گرد گھیرا تنگ کرنے والے ناکام و نامراد رہیں گے۔ مسلم امہ کا ہر نوجوان سرزمین حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے کٹ مرنے کو تیار ہے۔

انہوں نے کہاکہ آج جمعہ کو پورے ملک میں سعودی عرب کی حمایت میں ہونے والے مظاہروں میں تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد شرکت کریں گے۔ حافظ محمد سعید نے علماء کرام اور دینی جماعتوں کے قائدین سے اپیل کی ہے کہ وہ خطبات جمعہ میں صلیبیوں و یہودیوں کی سرزمین حرمین الشریفین کے خلاف سازشوں کو موضوع بنائیں اور امت مسلمہ کو اصل حقائق سے آگاہ کریں