8 محافظ قتل، ایران کا پاکستان سے شدید احتجاج ،تہران میں قائم مقام پاکستانی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی ، پاک ایران سرحد پر ناقص سکیورٹی انتظامات سے دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں، ایرانی دفتر خارجہ

جمعرات 9 اپریل 2015 04:15

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 اپریل۔2015ء)ایران نے 8 محافظوں کے قتل کے خلاف پاکستان سے شدید احتجاج کیا ہے ،بدھ کے روز تہران میں پاکستان کے قائم مقام سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے اپنا شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

(جاری ہے)

ایرانی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ گزشتہ روز پاک ایران سرحدی بارڈر پر دہشت گردوں نے 8 محافظوں کو قتل کر دیا ہے ، پاکستان کی طرف سے بارڈر پر ناقص سکیورٹی انتظامات کی وجہ سے دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں ،پاکستان ایران سرحد پر سکیورٹی انتظامات کو بہتر بنائے اور دہشت گردی کی روک تھام کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے۔

اس موقع پر قائم مقام پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور کئی سالوں سے پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑی جارہی ہے،پاک ایران بارڈر پر 8 محافظوں کا قتل افسوس ناک ہے ،پاکستانی دفتر خارجہ نے اس حوالے سے باضابطہ طور پر شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے ۔