غیرتصدیق شدہ موبائل فون سمز بند کردی گئی ہیں ، انوشہ رحمان ، سائبر کرائم بل کا مسودہ جمعرات کو قائمہ کمیٹی آئی ٹی کے اجلاس میں غور کے لیے پیش کیا جائے گا، میڈیا سے گفتگو

بدھ 15 اپریل 2015 04:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 اپریل۔2015ء) انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کی وزیرمملکت انوشہ رحمان نے کہا ہے کہ غیرتصدیق شدہ موبائل فون سمز بند کردی گئی ہیں ۔ سائبر کرائم بل کا مسودہ کل جمعرات کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کے اجلاس میں غور کے لیے پیش کیا جائے گا۔اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل شاہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انوشہ رحمان نے کہا کہ موبائل سمز کی بائیومیٹرک تصدیق کا عمل مکمل ہوچکا اور غیر تصدیق شدہ سمز بند کردی گئی ہے۔

صارفین تصدیق کے بعد اپنی بند سمز کو دوبارہ کھلوا سکتے ہیں ۔انہوں نے سمز کی بائیو میٹرک تصدیق میں پی ٹی اے اور ٹیلی کام آپرٹرز کے کردار کوسراہا۔ایک سوال کے جواب میں انواشہ رحمان نے بتایا کہ سائبرکرائم بل کو انسداددہشتگردی کے قومی لائحہ عمل سے ہم آہنگ بنایا گیا ہے اور اس میں کچھ نئے جرائم بھی شامل کیے گئے ہیں جن میں سے کچھ جرائم ناقابل ضمانت ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سائبرکرائم بل آئین اور انسانی حقوق کے منافی نہیں ، قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد یہ بل سینٹ میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا جس کے لیے کچھ وقت درکار ہے۔ چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل شاہ نے کہا کہ غیرتصدیق شدہ موبائل فون سمز بند کرنے کے بعد موبائل آپریٹرز نے تفصیلات پی ٹی اے کو فراہم کردی ہیں ۔ پی ٹی اے مکمل جائزہ کے بعد بند کی گئی سموں کے حتمی اعداد وشمارجاری کردے گا۔

متعلقہ عنوان :